اسلام آباد (عکس آن لائن) رواں مالی سال کے دوران ملک میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں 65.7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سال 2019ء کے دوران پاکستان کے جاری کھاتوں کے خسارہ میں 62 فیصد کی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں کے دوران پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حجم میں 620 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور اس دوران ایف ڈی آئی کا حجم 1.56 ارب ڈالر تک بڑھ گیا۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے جولائی تا جنوری 2018-19ء کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران ایف ڈی آئی میں65.7 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایس بی پی کے مطابق کیلینڈر 2019ء کے دوران پاکستان کے جاری کھاتوں کے خسارہ میں 62 فیصد کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور 2019ء کے اختتام پر جاری کھاتوں کا خسارہ 7.4 ارب ڈالر کی سطح تک کم ہوگیا جبکہ 2018ء کے لئے جاری کھاتوں کا خسارہ 19.5 ارب ڈالر رہا تھا۔ اس طرح 2018ء کے مقابلہ میں 2019ء کے دوران پاکستان کے جاری کھاتوں کے خسارہ میں 12.1 ارب ڈالر کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔