رمیز راجہ

رمیز راجہ نے محمد حفیظ کو ‘خود غرض’ کہہ دیا

اسلا م آباد (عکس آن لائن)قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے ٹی 10 لیگ کھیلنے پر بضد آل رائونڈر محمد حفیظ کو ‘خود غرض’ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کے فیصلے آپ کی ترجیحات کی عکاسی کرتے ہیں،اس وقت سب کو پاکستان کرکٹ کے ساتھ ہونا چاہئے، نٹرنیشنل ٹیمیں اب پاکستان آنا شروع ہوگئی ہیں اس لیے ضروری ہے کہ ہر کوئی کوویڈ پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد کرے۔ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ ٹی10 لیگ کھیلنے جانے والے قومی کھلاڑیوں میں سے آصف علی واپس آگئے مگر حفیظ نے اپنا کنٹریکٹ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا جو ان کی سوچ اور ترجیحات کی عکاسی کرتا ہے، ہمیں لازمی طور پر کورونا پروٹوکول کی پیروی کرنا چاہیے۔انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حارث رئوف کی مثال آپ کے سامنے ہے ، انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بننے کیلئے بگ بیش لیگ چھوڑ دی، اس سے ان کی ترجیحات کے بارے میں پتہ لگ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ پاکستان کو ترجیح دے رہے ہیں تو آپ درست سمت میں گامزن ہیں لیکن اگر آپ پاکستانی ٹیم میں انتخاب کی قیمت پر لیگ کرکٹ کو ترجیح دیتے ہیں تو آپ ٹھیک راستے پر نہیں جارہے ہیں۔رمیز راجہ نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو خودغرضی دکھانے کی بجائے پاکستان کے بارے میں سوچنا چاہیے ورنہ کوئی آپ کی حمایت میں سامنے نہیں آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں