راولپنڈی ٹیسٹ

راولپنڈی ٹیسٹ میچ، پاکستان کی تاریخی فتح، جنوبی افریقہ کو پہلی بار کلین سویپ کردیا

راولپنڈی(عکس آن لائن)پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 95رنزسے ہرا کر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز دو۔صفر سے اپنے نام کر لی۔پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانیوالے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز جنوبی افریقہ نے 127رنز ایک کھلاڑی آوٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کیا،جنوبی افریقہ کو 127رنز کے مجموعی سکور پرہی دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب ڈوسن48رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے،جنوبی افریقہ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں94رنز بنائے۔ان کے بعد ڈوپلیسی بیٹنگ کیلئے آئے۔135رنز کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کی تیسری وکٹ گر گئی جب ڈوپلیسی صرف05رنز بنا کر حسن علی کی گیند پرایل بی ڈبلیو ہو گئے ،اس موقع پر بواما بیٹنگ کیلئے آئے ۔کھانے کے وقفے سے قبل جنوبی افریقہ کے اوپنر مارکرم نے اپنی سنچری مکمل کر لی،مارکرم کی یہ پانچویں ٹیسٹ سنچری تھی۔پانچویں روز کھانے کے وقفے پر جنوبی افریقہ کا سکورتین وکٹ پر219رنز تھا۔کھانے کے وقفے کے بعد 241رنز کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کی چوتھی وکٹ گر گئی جب دوسرے اوپنر مارکرم108رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر عمران بٹ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے،مارکرم نے243گیندوں پر13چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 108رنزکی شاندار اننگز کھیلی۔جنوبی افریقہ نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں106رنز بنائے۔ان کے بعد کپتان ڈی کوک بیٹنگ کیلئے آئے،241رنز کے ہی مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کی پانچویں وکٹ گر گئی جب کپتان ڈی کوک کوئی رنز بنائے بغیر حسن علی کی گیند پر عمران بٹ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

اس موقع پر ویان ملڈر بیٹنگ کیلئے آئے۔جنوبی افریقہ کی چھٹی وکٹ253رنز کے سکور پر گر گئی جب بواما61رنز بنانے کے بعدشاہین شاہ آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے،انہوں نے 61رنز125گیندوں پر6چوکوں کی مدد سے بنائے۔ان کے بعد جارج لنڈے بیٹنگ کیلئے آئے،258رنز کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کی ساتویں وکٹ گر گئی جب لنڈے صرف04رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔اس موقع پر مہاراج بیٹنگ کیلئے آئے۔جنوبی افریقہ کی آٹھویں وکٹ 268رنز کے مجموعی سکور پر گر گئی جب مہاراج بغیر کوئی رنز بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر عمران بٹ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔جس کے بعد ربادا بیٹنگ کیلئے آئے۔268رنز ہی کے سکور پر جنوبی افریقہ کی نویں وکٹ گر گئی جب ربادا بغیر کوئی رنز بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔اس موقع پر آخری بیٹسمین نوکیا بیٹنگ کیلئے آئے۔274رنز کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کی آخری وکٹ بھی گر گئی جب ملڈر20رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے،نوکیا دو رنر بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 16اوورزمیں60رنز کے عوض 5وکٹ،شاہین شاہ آفریدی نے 21اوورز میں51رنز کے عوض4وکٹ اور یاسر شاہ نے 23.4اوورز میں56رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی جبکہ فہیم اشرف10اوورز میں37رنز،نعمان علی 20اوورزمیں63رنز اور فواد عالم ایک اوور میں05رنز کے عوض کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔مین آف دی میچ کا ایوارڈ حسن علی جبکہ مین آف دی سیریز کا ایوارڈ محمد رضوان کو دیا گیا۔پاکستان کی کامیابی پر پریس باکس میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں