پاک فضائیہ

راشد منہاس اور ایم ایم عالم دنیا میں پاک فضائیہ کی جرات کی علامت ہیں، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد (عکس آن لائن ) وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یوم فضائیہ ہمیں اپنے شاہینوں کی بہادری اور جانبازی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے کئی گنا بڑے دشمن کو جذبہ ایمانی سے مار بھگایا،راشد منہاس اور ایم ایم عالم دنیا میں پاک فضائیہ کی جرات کی علامت ہیں، پاکستان کوناقابل تسخیر قوت بنانے کے لیے اتحاد اور یکجہتی کی فضا کو آگے لے کر بڑھنا ہے۔

ہفتہ کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا راشد منہاس اور ایم ایم عالم دنیا میں پاک فضائیہ کی جرآت کی علامت ہیں، پوری قوم اپنے قابل فخر شاہینوں کو سلام پیش کرتی ہے، قوم نے جس اتحاد اور جذبے سے یومِ دفاع کشمیریوں کیساتھ یکجہتی کے طور پر منایا وہ بے مثال ہے، شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم کی اخوت کا متاثر کن جذبہ دیکھنے میں آیا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا شہدا اور غازیوں نے جنگ ستمبر میں جرات اور شجاعت کی ولولہ انگیز تاریخ رقم کی، جموں و کشمیر کے عوام کے جائز قانونی حق کی حمایت اور سچے جذبوں کے اظہار پر پاکستانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، یہ جذبے زندہ قوموں کی علامت اور شان ہوتے ہیں، پاکستان کو ناقابل تسخیر قوت بنانے کیلئے ہم نے اتحاد اور یکجہتی کی اسی فضا کو آگے لیکر بڑھنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں