ڈاکٹر جاوید اکرم

ذہنی معذوری کا شکار افراد کی بحالی کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے’ڈاکٹرجاویداکرم

لاہور (عکس آن لائن) نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت ، سوشل ویلفیئر و بیت المال ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال ظہور حسین، ڈائریکٹرجنرل مدثر ریاض ملک، ڈائریکٹرز و دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آپریشنز محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن راجہ منصور احمد، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجدعلی شاہ اور ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر فرخ عبداللہ، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے پروفیسر آف سائیکیٹری پروفیسر ڈاکٹر علی مدیح ہاشمی، تارے زمین پر تنظیم سے ڈاکٹر فادیہ کاشف و دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

کمشنر ملتان ڈویژن عامر خٹک نے وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اجلاس کے دوران ایدھی ویلفیئر سنٹر ملتان سے ذہنی معذوری کا شکار مریضوں کے علاج و معالجہ اور منتقلی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران اور کمشنر ملتان ڈویژن نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو اس حوالے سے بریفنگ دی۔

نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ایدھی ویلفیئر سنٹر ملتان میں ذہنی معذوری کا شکار افراد کی بحالی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔ ایدھی ویلفیئر سنٹر ملتان سے لائے گئے ذہنی معذوری کا شکار افراد کی انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں دوبارہ اسیسمنٹ کروائی جائے گی۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ذہنی معذوری کا شکار افراد کی بحالی کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ محکمہ صحت، سوشل ویلفیئر و بیت المال ذہنی معذوری کا شکار افراد کی بحالی کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائیں گے۔

حکومت پنجاب ذہنی معذوری کا شکار افراد کی بحالی کیلئے خصوصی گرانٹ بھی جاری کرے گی۔ قبل ازیںنگران صوبائی وزیرصحت نے ایدھی ویلفیئر سنٹر ملتان میں موجود ذہنی معذوری کا شکار افراد کی بحالی کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا ۔نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے ایدھی ویلفیئر سنٹر ملتان کے ذہنی معذوری کا شکار افراد کی بحالی کیلئے کاوش کرنے پر سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال ظہور حسین اور کمشنر ملتان ڈویژن عامر خٹک کو شاباش دی۔

سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال ظہور حسین نے کہاکہ محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال ذہنی معذوری کا شکار افراد کی بحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر خٹک نے کہاکہ ایدھی ویلفیئر سنٹر ملتان میں ذہنی معذوری کا شکار افراد کی بحالی کیلئے آسانیاں پیدا کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں