ٹیکس

ذمہ داران ٹیکس لیکیج کو روکنے اور ٹیکس نیٹ کی توسیع کے لئے کام کریں ‘مرکزی صدر اشرف بھٹی

لاہور(عکس آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ٹیکس دہندگان پر بوجھ کو کم کیا جائے ،ٹیکس اور ترقی باہم مربوط ہیں اس لئے منصفانہ ٹیکس نظام ہونا چاہیے ،کروڑوںکی آبادی والے ملک میں صرف چند لاکھ افراد گوشوارے جمع کراتے ہیں لیکن اس کے باوجود انہی لوگوں پر بوجھ ڈالا جاتا ہے جو اپناقومی فرض پورا کر رہے ہیں۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہاکہ پاکستان میں ٹیکس دہندگان کا تناسب خطے کے تمام ممالک سے کم ہے ،قومی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ضروری ہے۔ ٹیکس وصولیوں کا نظام سادہ اور آسان ہونا چاہیے ، ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لئے ٹیکس وصولیاں کرنے والے تمام اداروں کو ایک وزارت یا ادارے میں ضم کرنا ہوگا ، اس کے ساتھ ٹیکسز کے ریٹس کم کئے جائیں۔

انہوںنے کہا کہ ذمہ داران ادارے پہلے سے ٹیکس دینے والوں پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے ٹیکس لیکیج کو روکنے اور ٹیکس نیٹ کی توسیع کے لئے کام کریں ۔چند ماہ بعد دعویٰ کیا جاتا ہے کہ حکومتوں نے لاکھوںایسے افراد کا سراغ لگایا ہے جوقابل ٹیکس آمدن کے باوجود ٹیکس کی ادائیگی نہیں کرتے لیکن حکومت ان لوگوں سے کوئی وصولی نہیںکرتی ۔انہوںنے کہاکہ متعددبارپیشکش کر چکے ہیں ہم مارکیٹوں کے سروے کے لئے تیار ہیں لیکن اس کیلئے حکومت کم شرح سے فکس ٹیکس کی پالیسی لائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں