بلاول بھٹو زرداری

دہشت گردی کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں، مسلمانوں کو مذہب کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے،وزیر خارجہ

نیویارک(عکس آن لائن)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسلام ترقی پسند مذہب ہے جو خواتین کو کسی بھی دوسرے مذہب کے مقابلے میں زیادہ حقوق دیتا ہے، دہشت گردی کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں، اسلامو فوبیا کے رجحان کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔ نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مسلم دنیا اور عالمی برادری کو خواتین کیلئے آواز اٹھانا چاہیے، ان کے حقوق کے حوالے سے چیلنجز سے مل کر نمٹنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے مسلم دنیا کا مؤقف یکساں ہے، عورتوں کو اسلام میں اہم مقام حاصل ہے اور دوسرے مذاہب کے مقابلے میں اسلام نے خواتین کو زیادہ حقوق دیے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے عوام اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ دہشت گردی کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں، مسلمانوں کو مذہب کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پر امن، خوشحال اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے حوالے سے آج ہونے والا سیشن خوش آئند ہے۔ قبل ازیں انہوں نے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کی پہلی یادگاری تقریب کو مذہبی عقائد کی بنیاد پر نفرت اور تشدد کے خاتمے کی کوششوں میں ایک “اہم سنگ میل” قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کے خیالات اور نظریات کا تبادلہ بہت بھرپور اور نتیجہ خیز رہا ہے۔ انہوں نے اسلامو فوبیا اور مسلم دشمنی کے بڑھتے ہوئے مسئلے کو بہترین طریقے سے حل کرنے کے لئے ایک جامع عالمی ایکشن پلان کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کی بات چیت سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اسلامو فوبیا کے رجحان کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انفرادی، کمیونٹی اور ادارہ جاتی سطح پر مسلمانوں کے لیے محفوظ جگہیں پیدا کرنے کے لیے اقدامات کیے جانے چاہیئیں۔ اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ اسلام دنیا کا دوسرا سب سے بڑا مذہب ہے، وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمان افراد اور برادریوں کے ساتھ امتیازی سلوک، دشمنی اور تشدد کو جاری رکھنا ان کے بنیادی حقوق اور بنیادی آزادیوں کی خلاف ورزی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے عوامی جمہوریہ چین کے تعاون سے ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا بھی خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیاـ

اپنا تبصرہ بھیجیں