وزیر داخلہ

دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے،سرفراز بگٹی

اسلام آباد (عکس آن لائن) نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے، یوریا کھاد کے حوالے سے مصنوعی بحران پیدا کیا جا رہا ہے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں سے بحران کا خاتمہ ہو ،۔ اسلام آباد میں وزیر توانائی محمد علی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کھاد کی قیمتوں میں اضافہ اور خود ساختہ کمی ذخیرہ اندوزوں کی وجہ سے ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں دیگر نگران وفاقی وزرا کے ساتھ پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ کھاد کی کمی اور قیمتوں میں اضافے پر وزیر اعظم نے نوٹس لیا اور اس پر اجلاس ہوا اور رات تک ہم اس پر مشاورت کرتے رہے تو نتیجہ یہ سامنے آیا کہ ملک میں کھاد کی کوئی کمی نہیں ہے، کبھی کبھی ہی ایسا ہوتا کہ کسی ٹیکنیکل فالٹ یا گیس کے مسئلے کی وجہ سے پیداوار متاثر ہوجاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی تو اس وقت یہ چیز ٹھیک ہوگئی تھی، مگر ایک بار پھر اس مافیا نے پاکستانیوں کو تکلیف پہنچانے کے لیے دوبارہ سے کھاد کی ذخیرہ اندوزی شروع کردی ہے، کھاد کو اپنے گوداموں میں رکھنا شروع کردیا ہے، جس سے کھاد میں کمی ہو گئی اور اس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، یوریا کھاد کے حوالے سے مصنوعی بحران پیدا کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے سد باب میں تمام چیف سیکریٹریز اورآئی جی پولیس کو اقدامات لینے کا کہا گیا ہے اور ان مافیاز کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے انہیں 24 گھنٹے کا وقت دیا گیا ہے، وزیر اعظم نے یہ ہدایات دی ہیں کہ ان ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، ان کو قانون کے مطابق سزائیں دلوائی جائیں گی اور ان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والے لوگ ہم میں سے ہی ہیں اور ان کو اندازہ نہیں ہےکہ وہ صرف اپنے فائدے کے لیے اپنے ساتھی بھائیوں کو کتنا نقصان پہنچاتے ہیں ،ہم نے بہت سے لوگ پکڑے، ان کو عدالتوں میں لے کر گئے، سزا دلوائی مگر پھر سے یہ سلسلہ شروع ہوگیا ہے، یہ صرف ایک مافیا نہیں ہے، اس میں دکاندار، ڈیلرز وغیرہ سب ہی شامل ہیں۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم کھاد لوگوں کے گھروں تک پہنچائیں گے، کھاد پر سبسڈی حکومت عوام کے لیے دے رہی ہے مڈل مین کی کمائی کے لیے نہیں، ہم بطور ٹیم کام کریں گے، ہم ایک محدود وقت کے لیے ایک محدود مینڈیٹ کے لیے آئے ہیں مگر ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کی فلاح کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کریں گے اور ایسے فیصلے لیں گے جو پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے بہترین ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں