قصور (عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے دھنیہ کی بہتر پیداوار کیلئے فصل کی آبپاشی میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کاشتکار آبپاشی کے سلسلہ میں خصوصی طورپر اس امر کاخیال رکھیں کہ کھیلیاں پانی میں ہر گز نہ ڈوبنے پائیں کیونکہ اس سے دھنیہ کی پیداواربری طرح متاثر ہوسکتی ہے۔
ترجمان محکمہ زراعت نے بتایا کہ اگرفصل کی بیجائی وترمیں کی گئی ہو تو فصل کے اگنے کے بعد15سے 20روز تک پانی نہ دیاجائے اور جب پودے 4سے 5انچ بڑے ہوجائیں تو ان کی چھدرائی کردی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پودے کا فاصلہ 9سے 12انچ تک رکھنے سے پودے اچھی طرح نشوونما پاسکتے ہیں‘ دو سے تین مرتبہ گوڈی کرکے جڑی بوٹیوں کی تلفی سے پودے موثرانداز میں زمین سے اپنی غذا حاصل کرکے بہتر پرورش پاسکتے ہیں۔ انہوں نے دھنیہ کی کٹائی کے بعد زمین کی زرخیزی کومدنظررکھتے ہوئے نائٹروجنی کھادڈالنے کی ضرورت پر بھی زوردیا جو فصل کی بڑھوتری تیز کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔