ویمنز ٹی ٹوئنٹی

دوسرا ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل،بنگلہ دیش نے پاکستان کو 20 رنز سے شکست دیکر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی

چٹوگرام (عکس آن لائن)بنگلہ دیش ویمنز نے پاکستان ویمنز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 20 رنز سے شکست دیدی،اسطرح اس نے سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ یاد رہے کہ میزبان ٹیم نے پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل پانچ وکٹوں سے جیتا تھا۔تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔چٹوگرام کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان ویمنز نے ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیش ویمنز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان ویمنز 7 وکٹوں پر 100 رنز بناسکی۔بنگلہ دیش ویمنز کی اننگز میں شورنا اختر نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے27 رنز بنائے اور وہ آٹ نہیں ہوئیں۔مرشدہ خاتون نے20 رنز اسکور کیے جس میں دو چوکے شامل تھے۔ڈیانا بیگ نے 34 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان ویمنز کی اننگز میں صرف تین بیٹرز ڈبل فگرز میں داخل ہوسکیں۔ بسمہ معروف نے 44 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے30 رنز بنائے جس میں دو چوکے شامل تھے۔ارم جاوید15 اور ام ہانی14 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکیں۔کپتان ندا ڈار 6 رنز بناپائیں۔ناہیدہ اختر اور رابعہ خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اتوار کے روز کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں