دورہ انگلینڈ

دورہ انگلینڈ اورویسٹ انڈیز کے خلاف جو کھلاڑی قومی اسکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں وہ ہمارے پلانز کا حصہ رہیں گے،چیف سلیکٹر

لاہور (عکس آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا ہے کہ دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف جو کھلاڑی قومی اسکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں وہ ہمارے پلانز کا حصہ رہیں گے، لیگ اسپنر یاسر شاہ کی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت ان کی فٹنس سے مشروط ہے،اب بھی ہمیں چند شعبوں میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ اپنے بیان میں قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ ہم نے سلیکشن میں تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہوئے انہی کھلاڑیوں کو قومی اسکواڈز میں شامل کیا ہے جو گزشتہ کچھ عرصے سے ہمارے سیٹ اپ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کے تین میچز کے علاوہ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف مجموعی طور پر آٹھ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کی وجہ سے ہمارے لیے ان دونوں ممالک کے دورے بہت اہم ہیں۔

محمد وسیم نے کہا کہ کپتان بابراعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی مشاورت سے انہوں نے وننگ کمبی نیشن کو برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے چار سینئرکھلاڑیوں کو دوبارہ قومی اسکواڈز میں شامل کرلیا ہے،اس دوران مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان کو پہلی مرتبہ قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ محمد عباس کو اپنی کھوئی ہوئی فارم واپس حاصل کرنے، نسیم شاہ اور حارث سہیل کوفٹنس کے معیارمیں بہتری لانے پر منتخب کیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ ان چاروں کھلاڑیوں کی واپسی کی وجہ سے ہمیں چند کھلاڑیوں کو اسکواڈ سے ڈراپ کرنا پڑا ہے جوکہ آسان فیصلہ نہیں تھا لیکن ہم نے کنڈیشنز اور مخالف ٹیموں کے کمبی نیشن کو پیش نظر رکھتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے بہترین مفاد میں مشترکہ فیصلے کیے ہیں۔محمد وسیم نے کہا کہ جو کھلاڑی قومی اسکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں وہ ہمارے پلانز کا حصہ رہیں گے، وہ اپنی تکنیکی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ثقلین مشتاق اور محمد یوسف جیسے نامورکرکٹرز کی زیرنگرانی تربیت حاصل کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت ان کی فٹنس سے مشروط ہے، انہیں بائیں گھٹنے کی انجری کے باعث زمبابوے کے خلاف سیریز سے ڈراپ کیا گیا تھا تاکہ وہ اپنا ری ہیب مکمل کرکیدورہ ویسٹ انڈیز کے لیے مکمل فٹنس حاصل کرسکیں تاہم ایسا ممکن نہ ہوسکا مگرامید ہے کہ وہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ کی ویسٹ انڈیز روانگی سے قبل مکمل طور پر فٹنس بحال کرلیں گے۔محمد وسیم نے کہا کہ بلاشبہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے لے کر اب تک ہماری ٹیم متعددکامیابیاں حاصل کرچکی ہے تاہم اب بھی ہمیں چند شعبوں میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے، پرامید ہیں کہ دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز اس ضمن میں معاون ثابت ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں