کورونا وائرس

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 36 لاکھ سے تجاوز کرگئی

نیویارک/پیرس/انقرہ (عکس آن لائن) دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 36 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 52 ہزار سے زیادہ ہے۔

منگل کو امریکی ذرائع ابلاغ نے امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے حوالے سے بتایا کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ڈھائی لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے، سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکہ میں ہوئی ہیں جہاں اب تک70 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ کورونا وائرس سے اٹلی میں اب تک 29 ہزار اموات ہوئی ہیں۔ مہلک وائرس سے سپین میں اب تک 25428، فرانس میں25201 اور برطانیہ میں 28734 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 11 لاکھ سے زیادہ ہے۔ دنیا کے مختلف ملکوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3,646,304ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 252,425 تک پہنچ گئی ہے۔ اٹلی، سپین اور فرانس میں ہلاکتوں میں کمی ہوئی ہے جبکہ یورپ اب لاک ڈاون میں نرمی کے ساتھ وائرس سے مقابلے کے لیے ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ روس میں مہلک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 145268سے تجاوز کرگئی جبکہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1356ہوگئی ہے۔

روس میں کورونا وائرس کے پہلے مریض کا انکشاف اس سال 31 جنوری کو ہوا تھا۔ روس میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،گزشتہ روز مزید 10ہزار کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 145268 ہوگئی ہے۔ ترکی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 127659سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3461 ہوگئی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ترکی میں مکمل طور پر لاک ڈاو¿ن نافذ ہے تاہم اب تعلیمی ادارے 15 جون سے دوبارہ کھول دیئے جائیں گے۔ ترکی کی وزارت صحت کے مطابق کورونا وائرس سے ملک میں اب تک تقریباً ساڑھے تین ہزار اموات ہوچکی ہیں۔ ترکی میں کورونا وائرس کے پہلے مریض کا انکشاف 11مارچ کو ہوا تھا۔ برازیل میں مہلک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

برازیل میں کورونا وائرس کے 4075 نئے کیسز آنے سے متاثرین کی تعداد 108620 سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 7367 ہوگئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق برازیل میں کورونا وائرس کے مریضوں میں شرح اموات 6.9 فیصد ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 4075 نئے کیسز سامنے آئے اور 263 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ برازیل میں کورونا وائرس کے پہلے مریض کا انکشاف 26 فروری کو ہوا تھا۔ حکام کے مطابق ملک میں اب تک کورونا وائرس کے 45ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں