اسلام آباد (عکس آن لائن)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سید خورشید شاہ ضمانت کیس ایک بار پھر التواء کیا گیا ہے، کبھی نیب پراسیکیوٹر علیل ہوتے ہیں کبھی عدم موجودگی کا بہانا بنایا جاتا ہے۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ ضمانت کیس کی سماعت مہینوں التواء کی جاتی ہے، سید خورشید شاہ کو بغیر کسی جرم کے 2 سال سے قید میں رکھا گیا ہے۔شیری رحمن نے کہاکہ بغیر جرم کے سالوں سال سیاستدانوں کو قید میں رکھنا کہاں کا احتساب ہے؟ ۔
انہوںنے کہاکہ جرم ثابت ہونے سے پہلے لوگوں کو جیل میں رکھنا انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ انہوںنے کہاکہ خورشید شاہ ملک سے نہیں بھاگ رہے، وہ نیب کی ہر تفتیش کا تعاون کر رہے۔انہوںنے کہاکہ اس حکومت کا احتساب کا عمل پہلے ہی متنازعہ بن چکا ہے، اب نیب سیاسی قیدخانے کے علاوہ کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔