سنگین غداری کیس

خصوصی عدالت نے مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ 28 نومبر تک محفوظ کر لیا

اسلام آباد(عکس آن لائن)خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ 28نومبر تک محفوظ کرلیا۔منگل کوچیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اور خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس وقار سیٹھ کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے موقع پر استغاثہ اور حکومت کی طرف سے کوئی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا جبکہ پرویز مشرف کے وکیل بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے تاہم سیکریٹری داخلہ اور ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے جس پر عدالت نے کہا کہ ہم نے آج آپ کو نہیں بلایا تھا۔مقدمے میں کسی کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے آدھے گھنٹے کا وقفہ لیا جس کے بعد عدالت نے بتایا کہ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا جو 28نومبر کو سنایا جائے گا۔

مقدمے کی گزشتہ سماعت پر ایک اہم پیشرفت ہوئی تھی جب وفاقی حکومت نے استغاثہ کی ٹیم کو تحلیل کردیا تھا۔پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے شروع کیا تھا جس کا مقدمہ نومبر 2013 میں دائر کیا گیا، مقدمے میں اب تک 100 سے زائد سماعتیں ہوئیں جب ہ اس دوران 4 جج تبدیل ہوئے۔عدالت نے متعدد مرتبہ پرویز مشرف کو وقت دیا لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔

مارچ 2014 میں خصوصی عدالت کی جانب سے سابق صدر پر فرد جرم عائد کی گئی تھی جبکہ ستمبر میں پراسیکیوشن کی جانب سے ثبوت فراہم کیے گئے تھے تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم امتناع کے بعد خصوصی عدالت پرویز مشرف کے خلاف مزید سماعت نہیں کرسکی۔بعدازاں 2016میں عدالت کے حکم پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل )سے نام نکالے جانے کے بعد وہ ملک سے باہر چلے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں