ہمایوں اختر خان

خدمت کی نئی سیاست کا آغاز کرنے آئے ہیں،عوام کی حالت بدلنے کیلئے دن رات ایک کر دینگے’ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ(عکس آن لائن)استحکام پاکستا ن پارٹی کے سینئر نائب صدر و حلقہ این اے 97سے امیدوار ہمایوں اختر خان کی حلقے میںبھرپورانتخابی مہم جاری ہے ،مختلف برادریوں کے عمائدین ، کسانوں ، نوجوانوں ،تاجروں اور وکلاء نے ہمایوں اخترخان سے ملاقاتوںمیں 8فروری کو بھرپور حمایت کا اعلان کیا ۔

اس موقع پر پی پی 102سے امیدوار سردار سکندر حیات جتوئی اور پی پی 103سے امیدوار رانا نعیم اقبال بھی موجود تھے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ میرے آبائو اجداد تقسیم ہند کے بعد ہجرت کر کے فیصل آباد آئے ، میرے بزرگ یہیں دفن ہیں ، میں ایک شہید جرنیل کا بیٹا ہوں ، میرے والد نے اس ملک کیلئے اپنی جان کی شہادت پیش کی ۔

انہوں نے کہا کہ حلقے کے دوروں کے دوران عوام کی آنکھوں میں ایک نئی امید دیکھی ہے ، لوگ اب دہائیوں سے حلقے کے نمائندہ ہونے کے دعویداروں سے عاجز آ چکے ہیں اور یہاںپر حقیقی تبدیلی اور اپنے بچوں کا مستقبل روشن دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہاں کے علاقے پسماندگی میں لتھڑے ہوئے ہیں جنہیں دیکھ کر دل افسردہ ہوتا ہے ۔ میں اور میرے ساتھی وعدہ کرتے ہیں ہم علاقے اور یہاں بسنے والوں کی حالت بدلنے کے لئے دن رات ایک کر دیں گے ، یہ ہمارا عزم اور مشن ہے اور اس کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ، حلقے میں خدمت کی نئی سیاست کا آغاز کریں گے ۔

ہم دہائیوں سے سیاست کر رہے ہیں لیکن آپ کو کبھی یہ نہیں سننے کو ملے گا کہ ہم نے ایک پائی کی بھی خرد برد کی ہے ، ہم یہاں بھی شفاف سیاست کرنے آئے ہیں ۔عوام جنہیں منتخب کرکے نمائندہ بناتے ہیں انہیں چاہیے کسانوں سمیت ہر طبقے کی آواز اسمبلیوںمیں پہنچائیں۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عوام 8فروری کو اپنے اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کو ووٹ دیں گے ، آپ نے کسی کی دھونس اور دھمکی سے مرعوب نہیں ہونا ، ہم آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، میری باقی سیاست اس حلقے کے عوام کے لئے ہے ۔

انہوںنے کہا کہ وئیر ہائوسز کا قیام کسانوں کی زندگیوں میں خوشحالی لائے گا ،یہ منصوبہ انہیںمستقبل کی فکر سے آزاد کرے گا ، اس بار کسانوں کی مکئی کی فصل فروخت نہیں ہوئی ، اگر یہاں پر وئیر ہائوس ہوتے تو کسان اپنی فصل وہاں رکھوا کر نہ صرف اسے محفوظ بنا سکتے تھابلکہ اگلی فصل کی تیاری کے لئے اس کے عوض بلا سود قرضہ بھی لے سکتاتھا،بجلی کے بھاری بلوں سے چھٹکارے کے لئے کسانوں کے ٹیوب ویلوںکو سولر پر منتقل کرائیں گے ، معیاری کھاد ، زرعی ادویات اور بیجوں کی فراہمی کے لئے فیئر پرائس شاپس کا نظام لائیںگے۔

انہوںنے کہاکہ نوجوان طبقے کا اس خطے کی حالت بدلنے میںکلیدی کردار ہوگا ، نوجوان آج سے ہی اپنی کمر کس لیں ،آپ کے لئے آئی ٹی سنٹرز بنائیں گے ، ان شااللہ نجی شعبے سے بڑی بڑی کمپنیوں کو یہاں لائیں گے ، ہنر مندوںکیلئے ایم تھری کے ساتھ انڈسٹریل زون کے منصوبے کا خاکہ تیار کیا ہوا ہے ، یہاں کے عوام کی مدد سے اس کے لئے پیشرفت کریں گے اور خدا کی ذات کامیابی عطا کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد نمائندوںنے یہاں کے عوام کو معیاری صحت ،تعلیم ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے نظام سے محروم رکھا ، یہ تمام سہولیات لوگوںکا بنیاد ی حق ہے جو ہم انہیں دلوائیں گے ،بڑے ہسپتالوںمیں علاج معالجے کی جدید سہولیات کیلئے اقدامات کریں گے، ہم نے پارلیمنٹ میں اپنے لئے نہیں بلکہ حلقے کی پسماندگی دور کرنے اور عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنی ہے ،

صحت کارڈ کی مکمل بحالی کے لئے آواز بلند کریںگے ، احساس پروگرام ایک انقلابی پروگرام ہے اس کو بھی بحال کرانے کیلئے اپنا پورا زور لگائیں گے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ میں ایک بار پھر واضح کرتا ہوں ہم شرافت کی سیاست کرتے ہیں لیکن اسے ہرگز ہماری کمزوری نہ سمجھاجائے ، ٹھیکیدار، کمیشن اور قبضہ مافیا کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، اب تھانے اور پٹوار خانے عوام کے استحصال نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے لئے استعمال ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں