پشاور (عکس آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب کہتے تھے سب کو جیلوں میں ڈالوں گا آج خود جیل میں ہیں،
کہتے تھے این آر او نہیں دوں گا آج کہتے ہیں سب سے بات کرنے کو تیار ہیں،ہم خان صاحب کو سمجھاتے رہے اگر گرفتار کرنا ہے تو مردوں کو کرو عورتوں کو نہیں، ہم بانی پی ٹی آئی کو کہتے رہے کہ نفرت کی سیاست نہ کرو، پی ٹی آئی کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس پر خوش نہیں ہونا چاہیے۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ جو قائد عوام کی بیٹی پر ظلم کرتے تھے ان کو اپنی بیٹی کو گرفتار ہوتے دیکھنا پڑا،
اپنی حکومت میں سیاسی مخالفین کی بیٹیوں اور بہنوں کو گرفتار نہیں کروں گا، مخالف کی بہن بیٹیوں کو جیلوں میں ڈالنا بینظیر کی سیاست نہیں ہے، اس جماعت کو بتانا چاہتے ہیں کہ یہی سب کچھ آپ کے ساتھ بھی ہوگا، آپ نے تین تین بار نواز شریف کو دیکھا آپ دکھائیں یہ کتنا سچا نواز ہے۔مسلم لیگ (ن )پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سی پیک کے بانی نواز شریف نہیں،
آصف زرداری نے سی پیک کیلئے چین کے دورے کیے، معاہدے کیے، ن لیگ نے سی پیک کا پیسا چوری کرکے اورنج لائن پر لگایا، پاکستان کو ایٹم بم کا تحفہ ذوالفقار علی بھٹو نے دیا۔بلاول بھٹو زر داری نے کہا کہ پشاور کے عوام نے جس طرح پیپلز پارٹی کا استقبال کیا اس پر شکر گزار ہوں، پتا نہیں ان کا کیا ہوگا جو سردی کی وجہ سے الیکشن نہیں لڑنا چاہ رہے تھے، چاہے بلدیاتی الیکشن یا ضمنی الیکشن وہ ہمیشہ بھاگتے رہے،
خیبر پختونخوا میں پہلے بھی 10 ورکرز کنونشن کر چکا ہوں۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ ملک میں اس وقت تاریخی معاشی بحران ہے، ملک میں ایک طرف معاشی بحران دوسری جانب دہشت گردی کا خطرہ ہے، ماضی میں ہم نے دہشت گردوں کو شکست دی، آج پھر دہشت گرد سر اٹھا رہے ہیں، اس وقت معاشرہ تقسیم کا شکار ہے، بھائی بھائی سے لڑ رہا ہے، معاشرے میں تقسیم کی وجہ سے نقصان پاکستان کا ہو رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پرانے سیاست دان ملک کو 90 کی دہائی کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں، میں ملک کو 2024 کی سیاست کی طرف لے کر جارہا ہوں، ایسا معاشی انقلاب لائیں گے کہ ہر پاکستانی کی آمدنی میں اضافہ ہوگا، ہماری حکومت بنے گی تو ملک میں کوئی کچی آبادی نہیں رہے گی، ہم تمام کچی آبادیوں کو ریگولرائز کریں گے۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ سولر کا استعمال کرتے ہوئے غریبوں کو 300 یونٹ مفت بجلی دیں گے،
ملک میں غریبوں کیلئے 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے، کسانوں کو کسان کارڈ دیں گے، ان کی فصلوں کی انشورنس کی جائے گی، یوتھ کارڈ کے ذریعے نوجوانوں کی مالی مدد کریں گے، ہمارے نوجوان دو دو ڈگریاں لے کر پھر رہے ہوتے ہیں لیکن روزگار نہیں ہوتا، ایسے اسپتال بنائیں گے جہاں مفت علاج ہوگا، کسی صحت کارڈ کی ضرورت نہیں پڑے گی، یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو منشور پر الیکشن لڑ رہی ہے، ساری سیاسی جماعتیں اپنے منشور پر نہیں پیپلز پارٹی کے منشور پر الیکشن لڑرہی ہیں، ن لیگ اشرافیہ کی اور پیپلز پارٹی عوام کی نمائندگی کرتی ہے، 8 فروری کو آپ کی حکومت بنائیں گے، وزیراعظم آپ کا ہوگا۔