لاہور(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے اراکین اور رہنما اپنی اعلیٰ قیادت سے مایوس ہیں جس کا واضح اظہار بھی کیا جارہا ہے۔
مرکزی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں جو کچھ ہوا اس سے ثابت ہو گیا کہ (ن) لیگ بحران کا شکار ہے ،مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی ہو رہی ہے اوراشیاء کی قیمتوں میں استحکام آرہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے وسطی پنجاب کے پارٹی رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) او رپیپلز پارٹی کا بطور حزب اختلاف کوئی کردار نہیں اور ایک خلاء پیدا ہو گیا ہے جو ان کیلئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے ،
دونوں جماعتیں اپنا آئینی و قانونی کردار ادا کرنے کی بجائے اپنی کرپشن بچانے کی تدبیریں کرنے میں لگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے بروقت فیصلوں اور انتظامیہ کے متحرک ہونے کی وجہ سے مہنگائی کو بریک لگ گئی ہے اور اشیاء کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے ، آنے والے دنوں میں عوام کو مزید ریلیف دیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ انفر اسٹر اکچر پر بھی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔