سعید غنی

حکومت کو معلوم ہے اپوزیشن تحریک عدم اعتماد میں کامیاب ہوجائے گی، سعید غنی

کراچی (نمائندہ عکس ) وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ حکومت کو معلوم ہے اپوزیشن تحریک عدم اعتماد میں کامیاب ہوجائے گی، جے یوآئی ارکان اور رضا کاروں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، شکست تسلیم کرچکی ہے، شیخ رشید کی پریس کانفرنس بوکھلاہٹ کا شکار تھی، اگر کوئی رکن اس دن اسمبلی پہنچا اور اپنی مرضی سے ووٹ دیا تو وہ گنتی میں نہیں لائیں گے۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف بطور جماعت کرپشن میں ملوث ہے، غیرملکی فنڈنگ کے شواہد موجود ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹوزرداری کی اردو پر تنقید وہ کررہا ہے جس کا جس کی اپنی اردو ٹھیک نہیں، کیا عمران خان کے تینوں بچے اردو بولتے ہیں، کیا انکے بچے چیچا وطنی میں رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علیمہ خان نے چندے سے جائدادیں لیں اور عدالت میں ثابت ہوگیا ہے، انہوں نے ایک کروڑ نوکریاں پچاس لاکھ گھر دیئے، عمران خان ذہنی طور پر مان چکے ہیں کہ یہ فارغ ہورہے ہیں، یہ اسمبلی کی اکثریت کھوچکے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ کل ایم کیو ایم کا وفد نے آصف زرداری سے ملاقات کی ہے، ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، ایم کیو ایم کے سامنے اپنی گزارشات رکھی ہیں، فیصلہ تو ایم کیو ایم نے کرنا ہے۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ملک میں کوئی ایمرجنسی کی صورتحال ہے، جو بھی احتجاج ہوگا پرامن ہوگا، اس ملک کے عوام تنگ ہیں، عوام چاہتے ہیں عمران خان سے جلد ازجلد جان چھوٹے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں