میاں کاشف اشفاق

حکومت کورونا وباء کے تناظر میں معاشی نمو کو برقرار رکھنے اور جامع حل نکالنے کے لئے پرعزم ہے‘کاشف اشفاق

لاہور(عکس آن لائن)فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی بدحالی سے دوچار ہے مگر وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں پاکستان علاقائی ممالک کے ساتھ مضبوط تجارتی روابط کے ذریعہ اس صورتحال کو معاشی ترقی کے مواقع میں تبدیل کر رہا ہے۔

کیمپ آفس سے ویڈیو لنک کے ذریعے فیڈمک کے سینئر ایگزیکٹوز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وبا کے دوران پاکستان اپنی دیرینہ معاشی رکاوٹوں کو دور کرنے، وسائل کی تقسیم کی ازسر نو تشکیل، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور معیشت کی بحالی کوششیں کررہا ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کورونا وباء کے تناظر میں معاشی نمو کو برقرار رکھنے اور جامع حل نکالنے کے لئے پرعزم ہے۔

50 سے زائد ممالک میں کام کرنے والے ٹریڈ اور انویسٹمنٹ افسران ممکنہ سرمایہ کاروں کو سپیشل اکنامک زونز اور فیڈمک کے ون ونڈو آپریشن سے منسلک کریں گے تاکہ ان کی انتظامیہ تجارتی مواقع کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کر سکے، اس سے پاکستانی مصنوعات کی ترویج، مارکیٹنگ اور برآمدات کے فروغ میں معاونت ملے گی۔ میاں کاشف نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی ونڈو آپریشن کے تحت غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو وسیع موقع فراہم کر رہا ہے۔ اقتصادی خودمختاری جامع ترقی کی کلید ہے مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ماضی میں عمومی طور پر اس کو نظرانداز کیا گیا اور سابقہ حکومتوں کی کمزور پالیسیوں کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے پوری معیشت کو بری طرح متاثر کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے بڑے حامی ہیں لیکن اب اسے ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے ساتھ آنا چاہئے اور موثر توازن کو بھی برقرار رکھنا ہوگا تاکہ سرمایہ کاری کے فوری اور طویل مدتی فوائد حاصل ہو سکیں۔ میاں کاشف نے مزید کہا کہ صنعتوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ مقامی صنعتوں کے فروغ اور مشترکہ منصوبوں کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

انہوں نے اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالتے ہوئے کاروباری آسانیوں، مائیکرو اکنامک شعبوں میں سٹرکچرل ریفارمز اورصنعت کاری کے شعبوں میں پاکستان کی درجہ بندی کو بہتر بنانے کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صارفین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ نہ صرف فیصل آباد بلکہ ملک بھر میں صنعتی انقلاب لایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں