صدر مملکت

حکومت کا ہر سال50 ہزار طلبہ و طالبات کیلئے تعلیمی وظائف کا پروگرام لانا خوش آئند ہے ،صدر مملکت

اسلام آباد ( عکس آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ہر سال50 ہزار طلبہ و طالبات کیلئے تعلیمی وظائف کا پروگرام لانا خوش آئند ہے ۔ تعلیمی وظائف سے قابل اور ہونہار طلبا ءملکی ترقی میں اپنا کردار بھر پور طریقے سے ا دا کر سکیں گے جبکہ 50 فیصد خواتین کو وظائف فراہم کرنے سے ہمارے معاشرے کی سب سے زیادہ نظر انداز حصے کو آگے لانے میں مددملے گی ۔

خواتین کا خاندان کی تربیت سازی میں اہم کردار ہوتا ہے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جمعرات کے روز ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں احساس انڈر گریجویٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمانہ طالب علمی میں قابلیت کی بنیاد پر تعلیمی وظائف حاصل کر چکا ہوں اور پہلی ماسٹر ڈگری تعلیمی وظائف کے ذریعے مکمل کی ۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے طلباءکے لئے ایسے وظائف لانا انتہائی اہم قدم ہے ۔ طلباءہمارے ملک کا مستقبل ہیں اور بھاگ دوڑ سنبھالنی ہے ۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم ا پنی آنی والی نسلوں کو تعلیم کے زیور سے روشناس کریں تاکہ وہ آنے والے دور کی مطابق اپنے فیلڈز میں کام کر سکیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ طلباءپاکستان کا اثاثہ ہیں اور ہم نے ان کی رہنمائی کرنی ہے ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی تعلیم کو بھی مزید فروغ دینی اشد ضروری ہے کیونکہ خاندانوں کی تربیت میں پڑھی لکھی خواتین کا بنیادی کردار ہوتا ہے ۔ خواتین کی تعلیم سے ملکی ترقی کے ساتھ ہمارے معاشرتی ترقی کو بھی پروان چڑھے گا ۔ ملک کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے ہمیں ان کو زیادہ سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیمی وظائف کے اجراءمیں شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا تاکہ مستحق طلباءکے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی و چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر سال 50 ہزار طلباءکو تعلیمی وظائف دینے کا پروگرام رکھتی ہے اور یہ اب تک کا سب سے بڑا تعلیمی وظائف پروگرام ہے جبکہ پروگرام کا مقصد ہونہار طلباءکو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے مزید کہا کہ احساس پروگرام کے تحت134 مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں