آل پاکستان انجمن تاجران

حکومت نے پیٹرولیم قیمتوں میں کمی ،لیوی کی صورت میں اپنا منافع بھی بڑھا لیا ‘ انجمن تاجران

لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت نے ایک طرف پیٹرولیم کی قیمتوں میں کمی اور دوسری جانب لیوی کی صورت میں ٹیکسز میں اضافہ کر کے اپنا منافع بڑھا لیا ہے جس پر نظر ثانی کی جائے، موجودہ حالات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں جس قدر نیچے آئیں گی ہر طبقے کی مشکلات کم ہوں گی، حکومت کی جانب سے مزید کاروبار کھولنے کی اجازت دینے کی اطلاعات خوش آئند ہیں جس کا جلد سے جلد باضابطہ اعلان کیا جانا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محبوب سرکی ، میاں طارق فیروز، شہزاد بھٹی اور دیگر سے ٹیلیفونک رابطوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے چھوٹے تاجروں کےلئے بھی ریلیف کا اعلان کیا گیا ہے تاہم اصل صورتحال لاک ڈاﺅن کھلنے اور حکومت کی طرف سے عملی پیشرفت سے سامنے آئے گی ۔ا نہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ خوش آئند ہے لیکن لیوی کی صورت میں پیٹرولیم پر اسے 6روپے سے بڑھا کر 18روپے20پیسے جبکہ ڈیزل پر 24روپے 20پیسے سے بڑھا کر 30روپے کر دی گئی ہے جس سے عوام کو مکمل فائدہ منتقل نہیں ہوسکا،حکومت سے مطالبہ ہے کہ اپنے منافع میں کمی کر کے عوام کو مزید ریلیف دے ۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مزید کاروبار کھولنے کی اجازت دینے کی مثبت اطلاعات مل رہی ہیں جو خوش آئند ہیں،حکومت کو چاہیے کہ اس حوالے سے جلد سے جلد فیصلہ کرے تاکہ تاجروں کو کاروبار شروع کرنے کے لئے تیاری کا موقع مل سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں