لاہو ر(عکس آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف نے قوم کو روزگار اور امن دے کر اس قابل بنایا کہ وہ دیوسائی جاسکیں۔
مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے دیوسائی سے متعلق ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کے لگائے ہوئے پاور ہاس سے دیو سائی کے عوام کو بجلی مل رہی ہے۔ (ن) لیگ کے دور میں دیوسائی تک عوام کی رسائی کے لئے سڑکیں بنائی گئیں۔ موجود حکومت کے دور میں قوم بھوک، بیماری، مہنگائی اور افلاس سے مر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا ڈھول پیٹنے، جھوٹے الزامات لگانے سے قوم کا پیٹ نہیں بھرا اور روزگار نہیں ملا، قوم کے پاس روزگار ہو، امن اور امید ہو تو وہ دیوسائی بھی جاسکتے ہیں۔
لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نے قوم کو آٹے، چینی، گھی، دال، سبزی کی مہنگائی، روزگار، معیشت کی تباہی کے جہنم میں پھینک دیا ہے، جنوبی ایشیا میں اس وقت سب سے کم شرح ترقی اور سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے، ملک کو قرض کے جال میں پھنسا دیا گیا، پاکستان کا پیسہ اب صرف قرض پر سود کی ادائیگی میں جا رہا ہے، اس سود کے بڑھنے کی وجہ یہ ہے کہ عمران صاحب نے اڑھائی سال میں 12 ہزار 863 ارب قرض لیا۔