ہمایوں اختر

حکومت موجودہ حالات میں کئی چیلنجز سے نبرد آزما اور درست سمت میں گامزن ہے ‘ ہمایوں اختر

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت موجودہ حالات میں کئی چیلنجز سے نبرد آزما ہے اور درست سمت میں گامزن ہے ،عالمی ادارے پاکستان سمیت پوری دنیا کی معیشتوں کے حوالے سے پیشگوئی کر چکے ہیں اس لئے حکومت نے اپنی توجہ سیاسی بیان بازی کا جواب دینے کی بجائے معیشت کی بحالی پر مرکوز کر رکھی ہے ،اس وقت تمام ادارے فعال ہیں اور وفاق او رصوبے اپنی اپنی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہمارے سامنے اس وقت سب سے بڑا چیلنج لاکھوں زندگیوں کو بچاناہے اور حکومت اس حوالے سے کسی طرح کی غفلت کامطاہرہ نہیں کر ے گی ۔ 18ویںترامیم کے بعدبہت سے اختیارات صوبوں کو منتقل ہو گئے ہیں اور صوبے کاروبار بند رکھنے یا کھولنے کے حوالے سے خود فیصلہ کر سکتے ہیں۔ وفاق کی جانب سے کورونا سے نمٹنے کیلئے پوری دنیا سے وینٹی لیٹرز ، ٹیسٹنگ کٹس سمیت دیگر سازو سامان منگوایا جارہا ہے اور صوبوں میں ان کی ضرورت کے مطابق تقسیم کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج وہ وقت جب ہمیں ایک قوم بننا ہے اور آنے والے گھمبیر چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان مضبوط اعصاب کے مالک ہیں اور وہ کئی طرح کے چیلنجز ددرپیش ہونے کے باوجود درست فیصلے کر رہے ہیں اورملک کو درست سمت میں گامزن رکھے ہوئے ہیں۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پاکستان ترقی پذیر ملک ہے لیکن اس کے باوجود حکومت نے عوا م کو ریلیف دینے اور معیشت کی بحالی کیلئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا ۔

مرکزی بینک کی جانب سے ریلیف پر مبنی اقدامات بھی حکومت کی پالیسی کا حصہ ہیں اور اس کے دورس نتائج حاصل ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں