اسلام آباد (عکس آن لائن) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے ثمرات جلد عام آدمی تک پہنچیں گے، حکومت معیشت کو درست کرنے کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔
ماضی کی حکومتوں کے اقدامات کے باعث موجودہ مسائل درپیش ہیں۔ جمعہ کو ایوان بالا میں پی ایم ڈی سی آرڈیننس، میڈیا سے متعلق مسائل اور معاشی صورتحال سے متعلق تحاریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ گزشتہ دس سال کے دوران میں یہ امیر ہوئے، غریب غریب ترین ہوئے، مہنگائی میں اضافہ ضرور ہوا ہے، خرچ زیادہ اور آمدن کم ہے، پیپلز پارٹی کے پہلے سال 21 فیصد، مسلم لیگ (ن) کے پہلے سال 8.4 فیصد اور ہمارے دور میں 7.9 فیصد مہنگائی ہوئی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئی ہے، اندرونی خرچہ اوور آمدنی کا خسارہ 50 فیصد کم کیا، ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، تجارتی خسارہ اور گردشی قرضہ کم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2020ء میں یہ گردشی قرضہ صفر ہو جائے گا، کاروبار میں آسانیوں کے حوالے سے پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے،
پاکستان اصلاحات کے حوالے سے چھٹے نمبر پر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت ختم ہونے والا ہے، ماضی کی حکومتوں نے ملک قرضوں میں ڈبو دیئے، ٹیکس فائلرز کی تعداد میں اضافہ ہوا، ٹیکس محصولات میں اضافہ ہوا ہے، کارکے تنازعہ میں 1.42 ارب ڈالر سے پاکستان بچا ہے، ترک صدر رجب طیب اردوان نے اہم کردار ادا کیا، تہران کے پاکستان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔