سیلاب متاثرین

حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی ، انفراسٹر اکچر کی تعمیر کیلئے انٹر نیشنل ٹیلی تھون کا انعقاد کرے’ پاکستان ٹیکس بار

لاہور(عکس آن لائن) پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا منیر حسین نے کہا ہے کہ اعدادوشمار کے مطابق بد ترین سیلاب کی وجہ سے پاکستان کی معیشت ایک دہائی پیچھے چلی گئی ہے ،اگر پاکستان نے اب بھی معاشی سمت درست کرنے کیلئے جامع ، موثر اور طویل المدت پالیسیاں تشکیل نہ دیں تو ہم خطے میں سب سے پیچھے رہ جائیں گے ، برآمدات کے حوالے سے خصوصی پالیسی مرتب کی جائے اور جس قدر ممکن ہو سکے تمام برآمدی شعبے کو ریلیف اور مراعات دی جائیں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے حکومت اور اداروں نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کو اس طرح سنجیدگی سے نہیں لیا جس کی ضرورت ہے ، سیلاب سے جس پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اس کے اثرات آنے والے مہینوں اور سالوں میں سامنے آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی فوری امداد اور ان کی بحالی کیلئے انٹر نیشنل ٹیلی تھون کا انعقاد کرے جس میں وسائل رکھنے والے ممالک اور ڈونر ایجنسیوں کو مدعو کر کے ان سے مالی امداد کے اعلانات کی بجائے متاثرین کے گھروں کی تعمیر اورخصوصاًانفراٹر اسٹر اکچر کی تعمیر کے منصوبے مکمل کرنے کی یقین دہانی لی جائے، مقامی سطح پر بھی اسی طرح کے اقدامات کئے جائیں اور مخیر حضرات خصوصاًکارپوریٹ سیکٹر کو اس میں ذمہ داریاں سونپی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے تباہی کے جو اعدادوشمار مرتب ہو رہے ہیں وہ انتہائی تباہ کن اور تشویش کا باعث ہیں جس پر حکمرانوں کو سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں