ایرانی صدر

حکومت بہت سے وعدوں کو ایفا کرنے میں ناکام رہی ہے،ایرانی صدر کا اعتراف

تہران(عکس آن لائن)ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنی حکومت کی ناکامی کا اعتراف کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ بہت سے وعدوں کو ایفا کرنے میں ناکام رہی ہے لیکن ساتھ ہی انھوں نے کہا ہے کہ اس وقت ملک حالتِ جنگ میں ہے،اس لیے وہ یہ وعدے پورے نہیں کرسکی ہے۔ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق صدر حسن روحانی نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے حالتِ امن میں وعدے کیے تھے لیکن اس وقت ہم حالتِ جنگ میں ہیں۔امن اور جنگ کے حالات مختلف ہوتے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ یہ جنگ ہم نے نہیں چھیڑی تھی، یہ دشمن نے شروع کی تھی۔دشمن نے 2018ءسے ایران کے خلاف مکمل پیمانے پراقتصادی جنگ مسلط کررکھی ہے۔ان کا اشارہ امریکا کی ایران کے خلاف عاید کردہ سخت پابندیوں کی جانب تھا جس کی وجہ سے ایران کی تیل کی برآمدات ختم ہوکر رہ گئی ہیں اور اس کی معیشت زبوں حال ہوچکی ہے۔صدر حسن روحانی کا کہنا تھاکہ دشمنوں کو اس بات کا احساس ہوگیا ہے کہ وہ ہمیں زیادہ سے زیادہ دباو کے ذریعے ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کرسکتا۔ان کا مقصد ہمیں مذاکرات کی میز پرلانا ہے۔

وہ ہم سے اپنی بات منوانا چاہتے ہیں لیکن یہ ناممکن ہے۔انھوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی معیشت کی جڑیں پابندیوں کے باوجود مضبوط ہیں۔ہماری قوم کو روزمرہ زندگی میں کوئی مسائل درپیش نہیں اور انھیں ضروری اشیاءمہیا کی جارہی ہیں۔اعدادوشمار کے مطابق ملک میں پابندیوں سے بے روزگاری کی شرح پر کچھ فرق نہیں پڑا ہے اور ہم اس سال موسم گرما میں افراطِ زر کی شرح کو کنٹرول کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں