حکمرانوں کے معاشی ایجنڈے نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے’ جاوید قصوری

لاہور( عکس آن لائن)امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے معاشی ایجنڈے نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے ایک کروڑ نوکریاں اورپچاس لاکھ گھردینے کا وعدہ کرنے والوں نے آٹے کو بھی غریب عوام کی قوت خرید سے باہر کر دیا ہے ۔70فیصد معیشت کا دارومدار زراعت پر ہونے کے باوجود گندم ،چینی ، ٹماٹر ، پیاز درآمد کیے جارہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ ایک سال کے ووران ملکی قرضوں میں 3ہزار 419ارب روپے کے اضافے کا انکشاف تشویش ناک امر ہے۔ پاکستان کا مجموعی قرضہ 35ہزار 659ارب روپے سے تجاوز کر چکاہے ۔ مقامی قرضوں میں ایک سال کے دوران 2ہزار 86اوربیرونی قرضوں میں 11ہزار 559ارب اضافہ ہوا۔

یہ حکمرانوں کی خود مختاری پالیسیوں کی نفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کی اشاعت غیر معینہ مدت تک روکنے کے لئے خط ،درحقیقت بلدیاتی انتخابات کی راہ میں روڑے اٹکانے کے متراد ف ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکومت پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار کرنا چاہتی ہے۔، بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے ہی ملک میں جمہوری عمل کی تکمیل ممکن ہوسکتی ہے ۔

عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ بلدیاتی انتخابات جلد از جلد کروائے جائیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک و قوم موجودہ حکمرانوں کی بد ترین کارکردگی اور آئین شکنی سے مایوس ہوچکے ہیں۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے متبادل کے طور پر تحریک انصاف کو قوم نے موقع دیا مگر وہ بھی انہی کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔ ملک میں صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی خوشحالی کا انقلاب لاسکتی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ قوم ان مکار اور دھوکہ بازوں سے جان چھڑا کر دینی قوتوں پر اعتماد کا اظہار کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں