شاہد خاقان عباسی

حقائق بہت تلخ ہیں، پاکستان کے پاس مسائل کو کوئی معجزاتی حل نہیں، شاہد خاقان

کوئٹہ (عکس آن لائن)مسلم لیگ( ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ گالم گلوچ اور الزام تراشی کی سیاست ملکی مسائل حل نہیں کر سکتی، تمام مسائل کا حل آئین میں موجود ہے۔کوئٹہ میں لشکری رئیسانی، مصطفی نواز کھوکھر، مفتاح اسماعیل اور دیگر کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ گزشتہ روز کوئٹہ میں قومی ڈائیلاگ منعقد ہوا تھا جس میں ہم سب سے غیر جماعتی بنیادوں پر ملکی مسائل سے متعلق گفتگو کی۔انہوںنے کہاکہ ہم سب ملکی سیاسی صورتحال کے ذمہ دار ہیں، ہم آئین کی بات کرتے ہیں لیکن آئین پر مکمل عمل نہیں کرتے، آج کی سیاست انتقام اور دشمنی کی سیاست بن گئی ہے، آج سیاست ایک دوسرے کو گالی دینے اور الزامات لگانے کا نام ہے، یہ سیاست ملک کے مسائل حل نہیں کر سکتی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ان سب مسائل پر بات کرنے کیلئے ایک فورم رکھا جس کی ابتدا کوئٹہ سے ہوئی ہے، حقائق وہ نہیں جو ٹی وی پر دکھائے جاتے ہیں یا اخبارات میں بتائے جاتے ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہاکہ اس وقت ملک کو سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے، معیشت، سیاست اور دیگر مسائل کا حل آئین میں موجود ہے، جو خرابیاں 10 سے 20 سال میں پیدا ہوئیں وہ 8 ماہ میں ٹھیک نہیں ہو سکتیں، موجودہ مسائل کے ذمہ دار سیاستدان، فوجی، بیوروکریٹ، اور میڈیا سمیت ہم سب ہیں، عدلیہ بھی ان فیصلوں کو دیکھے جس کے اثرات ملک پر پڑے۔

انہوںنے کہاکہ ملک کے حقائق بہت تلخ ہیں، پاکستان کے پاس مسائل کو کوئی معجزاتی حل نہیں ہے، اگر ہم چاہتے ہیں کہ ملکی مسائل حل ہوں تو ہمیں سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے آئین کے مطابق تمام فیصلے کرنے ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں