پشاور(عکس آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام نے کہا ہے کہ کھلاڑی حفیظ شیخ کو تبدیل کرنے سے ملک کے حالات نہیں بدلیں گے، پی ڈی ایم تحریک تھی سیاسی اتحاد نہیں، جس نے پی ڈی ایم کو چھوڑا وہ زیرو ہو جائے گا۔
پشاور ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری سے متعلق کیس کے بعد امیر مقام کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ایک کھلاڑی حفیظ شیخ کو تبدیل کرنے سے ملک کے حالات نہیں بدلیں گے، کپتان کو بدلنا ہوگا تب ہی قسمت بدلے گی، کچھ بھی ہو مسلم لیگ ن پیچھے نہیں ہٹے گی، لوگ پی ٹی آئی سے نالاں ہیں، پی ڈی ایم ایک تحریک تھی سیاسی اتحاد نہیں، ہم ساری جماعتیں الگ الگ انتخابی نشانات سے الیکشن لڑیں گے۔ امیر مقام کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو صرف پنجاب میں نہیں مرکز میں بھی ساتھ دینا چاہئے تھا، پی ڈی ایم ایک خاص مقصد کیلئے بنی ہے، پی ڈی ایم سے نکلنا عوام سے زیادتی ہوگی، کوئی رہے یا نہ رہے مسلم لیگ پی ڈی ایم میں رہی گی۔
پشاور ہائیکورٹ میں امیرمقام کی نیب کی ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے درخواست قبل از گرفتاری کیس پر سماعت وکلا ہڑتال کے باعث ملتوی کر دی گئی۔ واضح رہے کہ نیب امیر مقام کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کر رہا ہے۔