احسن اقبال

حالیہ بجٹ سے بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہوگا،احسن اقبال

لاہور (عکس آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا کہ حالیہ بجٹ سے بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہوگا،حکومتی وزراء دونوں ہاتھوں سے پاکستان کو لوٹ رہے ہیں، ملک کو کنگال کردیا ہے یہ ملکی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں،یہ ایک ارب ڈالر کے قرضے کےلئے کچھ بھی کرسکتے ہیں، اپنی حکومت کو چلانے کے لئے یہ ملک بھی بیچ سکتے ہیں۔

بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے بار بار تبادلے کرکے افسران کو بے یقینی سے دوچار کردیا ہے۔ ملک کا نظام تباہ و برباد ہوچکا ہے۔ حالیہ بجٹ میں مہنگائی اور بے روزگاری کا کوئی حل موجود نہیں۔ اس بجٹ سے بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے وزیر دونوں ہاتھوں سے پاکستان کو لوٹ رہے ہیں۔ گڈانی میں آنے والا بحری جہاز حکومتی کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بحری جہاز میں کئی ٹن زہریلا مواد تھا بنگلہ دیش اور ہندوستان نے اس کو داخلے کی اجازت نہ دی لیکن پیسے لے کر یہ بحری جہاز گڈانی بندرگاہ پر لنگر انداز کیا گیا۔

اس میں موجود زہریلے مادے سے ساحل آلودہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے ملک کو کنگال کردیا ہے یہ ملکی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔ ان کی حالت یہ ہے کہ ایک ارب ڈالر کا قرضہ دو اور ان سے جو چاہے کاغذ پر لکھوا لو۔ یہ ایک ارب ڈالر کے لئے پاکستان کو بھی بیچ سکتے ہیں یہ اپنی حکومت کو چلانے کے لئے کچھ بھی کرسکتے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں