سہولت بازار

حافظ آباد شہر میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تین سہولت بازار قائم

حافظ آباد(نمائندہ عکس آن لائن)حافظ آباد شہر میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تین سہولت بازار قائم ہیں جن میں شہریوں کو آٹا اور دیگر اشیائے ضروریہ بازار سے کم نرخوں پر فراہم کی جارہی ہیں۔

کسوکی روڈ، ماڈل بازار اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سامنے قائم کئے گئے ان سہولت بازاروں میں20کلو گرام آٹے کا تھیلا مل ریٹ پر 837روپے میں فروخت کیا جارہا ہے جبکہ بازار میں اس کی قیمت860روپے ہے اور دکانوں سے نہیں مل رہا پر سہولت بازار میں روزانہ آٹے کے 150سے250تک تھیلے فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ چینی 85روپے فی کلو اور صرف 50کلو کا ایک تھیلا دی جارہی ہے جس کے باعث اس کی قلت شدت سے محسوس کی جارہی ہے۔

تمام اقسام کی دالوں پر بازار کی نسبت ایک سے دو روپے فی کلو، چاول سپر 2روپے، گھی 5سے 10روپے ،آئل 10سے20روپے ،گوشت چھوٹا بڑا20روپے،سبزی 5سے15روپے، چکن 10روپے ،آلو،پیاز 10روپے فی کلو اور انڈہ6روپے فی درجن بازار سے سستا دستیاب ہے۔

عوامی حلقوں نے سہولت بازاروں میں ریلیف دینے پر پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عام مارکیٹ میں مہنگائی کنٹرول کرکے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں کم کی جائیں تاکہ صارفین کو گھروں کے قریب سہولت میسر آئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں