گورنر سندھ

جو عمران خان کے خلاف کھڑا ہوگا حلقے والے ان سے نمٹیں گے ، گورنر سندھ

کراچی(نمائندہ عکس)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں آج تک عدم اعتماد کی تحریک کامیاب نہیں ہوئی ہے۔ جو عمران خان کے خلاف کھڑا ہوگا ان کے حلقے والے ان سے نمٹیں گے، آصف زرداری جو دعوے کررہے ہیں اس کا کیا کہہ سکتے ہیں ، ق لیگ کے رہنماوں نے بار بار یقین دلایا کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں،

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو اپنے جاری کردہ بیان میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ علیم خان اور جہانگیر ترین پی ٹی آئی کے خلاف کھڑے نہیں ہوسکتے۔ علیم خان اور جہانگیر ترین کو پی ٹی آئی کے لیے محنت کرتے ہوئے دیکھا ہے، میں ان سے پھر ملوں گا دیکھتے ہیں کیا صورتحال بنتی ہے۔عمران اسماعیل نے کہا کہ اپوزیشن والوں نے 172نمبرز پورے کرنے ہیں، دیکھتے ہیں کون مائی کا لال ہے جو عمران خان کے خلاف ووٹ دینے جاتے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ جس نے پی ٹی آئی کے نام پر ووٹ لیا وہ کس طرح عدم اعتماد میں شامل ہوسکتا ہے، جو عمران خان کے خلاف کھڑا ہوگا ان کے حلقے والے ان سے نمٹیں گے۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ ملاقات پہلے سے طے شدہ تھی، ایم کیو ایم سے اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی ،کوئی گلے شکوے نہیں ہوئے،انہوں نے کہا کہ آصف زرداری جو دعوے کررہے ہیں اس کا کیا کہہ سکتے ہیں ، ق لیگ کے رہنماوں نے بار بار یقین دلایا کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان میں آج تک عدم اعتماد کی تحریک کامیاب نہیں ہوئی ہے اور اب بھی اپوزیشن کو منہ کی کھانی پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ علیم خان اورجہانگیرترین پی ٹی آئی سے الگ نہیں ہوسکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں