لاہور (عکس آن لائن) لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے اسموگ کے باعث جنوری کے آخر تک ہفتے کے روز تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا حکم دے دیا گیا۔ عدالت عالیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر افسران کو سکول ، کالجز اور یونیورسٹیز بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں کا تحریری حکم جاری کردیا ہے جس کے مطابق پنجاب حکومت ہفتے کے دو روز ورک فرام ہوم کرنے کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے۔
تحریری حکم کے مطابق نوٹیفکیشن میں جم بند کرنے کا لفظ معطل کیا جاتا ہے اور یہ نوٹیفکیشن کرونا کی شق کے تحت کیا گیا اسے مزید لاگو نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت کے تحریری حکم میں کہا گیا کہ اسموگ کے خلاف کارروائیاں نہ کرنے والے محکمہ ماحولیات کے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔