جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال گائنی یونٹ کی انچارج ڈاکٹر میمونہ اشرف کی ریٹائرمنٹ کی تقریب،پروفیسرزکی شرکت

لاہور(عکس آن لائن)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد با عزت ریٹائرمنٹ کسی بھی ملازم کے لئے بڑے اعزاز سے کم نہیں ہوتی اور اس امر کی تکمیل کرنے والوں کو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔

اس کے ساتھ ساتھ خواتین ڈاکٹرز کی اکثریت میڈیکل کی تعلیم حاصل کرکے شادی کے بعد اس شعبے کو عملی زندگی میں آئے بغیر خیر باد کہہ دیتی ہیں جس سے نہ صرف قومی خزانے کونقصان پہنچتا ہے بلکہ معاشرے میں بچوں اور خواتین کو بھی علاج معالجے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیڈی ڈاکٹرز کو چاہیے کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کو عباد ت سمجھ کر ہمہ وقت میدان عمل میں مصروف رہیں کیونکہ ایم بی بی ایس کی ڈگری ایک طرح سے قوم کی امانت ہے جس کو مریضوں کی خدمت کر کے واپس لوٹانا چاہیے اور میڈیکل کے شعبے میں بھرپور طریقے سے فرائض ادا کر کے اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہارپروفیسر الفرید ظفر نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال کی گائنی یونٹ 3کی انچارج ڈاکٹر میمونہ اشرف کی ریٹائرمنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ڈاکٹرکی تعلیم و تربیت پر قومی خزانے سے لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں اور والدین بھی اپنے بچوں کے سنہرے مستقبل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے اس مشن کو جاری رکھا جائے۔

اس موقع پر دیگر مقررین نے ڈاکٹر میمونہ اشرف کی خدمات کو خراج تحسین کیا انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر میمونہ اشرف نے دوران ملازمت گائنی کے مریضوں کا بڑے اچھے اور جدید طریقہ سے علاج کیا اوربہترین انداز میں اپنے جونئیرز کی رہنمائی بھی کی۔ ان کی ادارے کے لئے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا جو ان کے بعد آنے والوں کے لئے بھی قابل تقلید ہیں۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کورونا وبا کے دوران ڈاکٹرزفرنٹ فٹ پر رہتے ہوئے اپنے پیشہ وارانہ فرائض سر انجام دے رہے ہیں جس پر پوری قوم کو اُن پر فخر ہے۔ تقریب میں پروفیسر محمد معین، پروفیسر فاروق افضل، پروفیسر محمد حنیف، پروفیسر جودت سلیم، ڈاکٹر غزالہ روبی، ڈاکٹر کومل سکندر، ڈاکٹر رضوانہ طارق، ڈاکٹر مہوش الیاس کے علاوہ فیکلٹی ممبران،ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹوڈنٹس کی کثیر تعداد نے شرکت کی اورڈاکٹر میمونہ اشرف کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ ڈاکٹر میمونہ اشرف نے بھی ادارے میں گزارے ہوئے وقت کو یادگار قرار دیتے ہوئے پرنسپل اور دیگر سینئرز کا شکریہ ادا کیا اور اپنے اعزاز میں تقریب کے انعقاد کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں