اسد قیصر

جعلی وزیرِ اعظم کیسے ملک کو مسائل سے نکال سکتا ہے، اسد قیصر

اسلام آباد(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ایک جعلی وزیرِ اعظم بنا، وہ کیسے ملک کو مسائل سے نکال سکتا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہماری خواتین کی سیٹیں چھینی گئیں، ہماری 180 سیٹیں بنتی ہیں وہ ہم سے چھینی ہیں، نواز شریف کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ تھا، کیا وہ یہ سب تھا۔اسد قیصر کا کہنا ہے کہ کس طرح یہ جعلی ووٹ سے آنے والے ملک کو مشکل سے نکال سکتے ہیں، کراچی، اسلام آباد اور راولپنڈی کے ایم این جانتے ہیں وہ جعلی مینڈیٹ لے کر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے ہو گا تو مجھے ڈر ہے ملک میں کہیں بغاوت نہ آجائے، ہماری تحریک جاری رہے گی اور سب سیاسی قوتوں کو اکٹھا کریں گے، ہم الائنس بنانے جا رہے ہیں اور سڑکوں پر نکلیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ تمام صوبوں سے سڑکوں پر نکلیں گے، اس حوالے سے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، ہم پُرامن احتجاج کریں گے، اس جعلی حکومت کو نہیں مانتے، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج جاری ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور رہنماؤں کی رہائی کی قرارداد جمع کرانے آئے ہیں، پی ٹی آئی کا نشان چھینا گیا پھر مخصوص نشستیں نہیں دی گئیں، ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، فارم 45 الیکشن کمیشن کی دستاویزات ہیں، فارم 45 پر کوئی اور نتیجہ ہے جبکہ فارم 47 پر کوئی اور نتیجہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کسی طور پر اپنے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہماری جنگ اپنی سیاست کے لیے نہیں قوم کے لیے ہے، ہمارا پہلا مطالبہ ہے کہ آئین کے مطابق سب ادارے اپنی حدود میں رہیں، ہماری جدوجہد عدلیہ کو آزاد کروانے کی ہو گی، عدلیہ دباؤ میں آنے کے بجائے آزادنہ فیصلے کرے۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ 9 مئی واقعات کی ہم نے ہمیشہ مذمت کی اس پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، اگلے اجلاس میں ہم سیاسی قیدیوں کی قرارداد کو پاس کرائیں گے، ہمارے خلاف ایک دن میں 14، 14 گھنٹے کیسز چلائے گئے، ایک دن میں دو دو عدالتیں لگا کر انصاف کے تقاضوں کو پامال کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں