اسلام آباد(عکس آن لائن ) جعلی بینک اکاونٹس کیس سابق صدر آصف زرداری پر ایک بار پھر فرد جرم عائد نہ ہوسکی
جس کے باعث احتساب عدالت نے اب ویڈیو لنک کے ذریعے 6 جولائی کو فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکاونٹس کیس کی سماعت ہوئی،
جس سلسلے میں آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے .
اور انہوں نے اپنے موکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔
فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے تھے تو انہیں کورونا وائرس ہوگیا .
اور آصف زرداری کے لیے سفر کرنا مشکل ہے، ان کی عمر زیادہ ہے اس لیے کورونا وائرس کا خطرہ بھی زیادہ ہے۔
اس پر جج اعظم خان نے مکالمہ کیا کہ آپ بھی پیش ہورہے ہیں کیا آپ کو زندگی پیاری نہیں،
جب آپ پیش ہورہے ہیں تو آصف علی زرداری کو بھی بلا لیں،
زیادہ مسئلہ ہے تو آصف زرداری کو الگ بلا کر ان سے دستخط لے لیتے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے آصف زرداری کی غیر حاضری کے باعث ان پر فرد جرم عائد نہیں کی،
اور 6 جولائی کو ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں نامزد ملزمان کو بھی فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر لیا ،
جب کہ نیب کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔