جرمنی

جرمنی کا افغانستان میں بیرونی افواج کی موجودگی کا دفاع

برلن(عکس آن لائن)جرمن وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی افواج کی موجودگی کے بغیر طالبان مذاکرات کے لیے بھی تیار نہیں ہوں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے افغانستان میں بیرونی افواج کا یہ کہہ کر دفاع کیا کہ امن مذاکرات جاری رکھنے کے لیے ان کی موجودگی ناگزیر ہے۔ ماس نے عالمی برادری سے بھی یہ مطالبہ کیا کہ غیر ملکی افواج کے غیر ذمہ دارانہ اور قبل از وقت انخلا سے گریز کیا جائے، کیونکہ بقول ان کے یہ طالبان کے ہاتھوں میں کھیلنے جیسا ہوسکتا ہے۔

جرمن پارلیمان سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی فوج کی موجودگی ہماری سب سے اہم اضافی قوتوں میں سے ایک ہے، بغیر عالمی دبا ئوکے طالبان سنجیدہ طور پر سیاسی حل کے لیے کام نہیں کریں گے۔ اگر ہم نے فوجیں نکالنے میں عجلت کی تو ہم ایک ایسا خطرہ مول لیں گے کہ پھر طالبان مذاکرات جاری رکھنے کی بجائے جنگ کے میدان میں حل تلاش کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کا کہنا تھاکہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات طویل عرصے کے بعد افغانستان میں امن کے لیے ایک حقیقی موقع ہے، ایک ایسا موقع ہے جسے ہمیں کسی بھی حال میں ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں