جرمنی

جرمنی روس پر عائد پابندیوں میں نرمی نہیں کرے گا، وزیر خارجہ

برسلز(عکس آن لائن)جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیئربوک نے کہا ہے کہ اگر جرمنی روسی گیس کی درآمدات کو یقینی بنانے کیلئے پابندیوں میں نرمی کرتا ہے تو پھر اسے دوگنا بلیک میل کیا جائے گا۔ جرمن میڈیا کے مطابق انہوں نے بریمن شہر میں عام لوگوں سے بات کرتے ہوئے ماسکو پر عائد پابندیوں میں نرمی کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر جرمنی پابندیوں میں نرمی کرتا ہے تو پھر اسے آگے چل کر ‘دوگنا بلیک میل’کیا جائے گا۔ انہوں نے اس حوالے سے دلیل پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو ان تمام لوگوں کو ایک دعوت دینے کے مترادف ہو گا جو انسانی حقوق، آزادی اور جمہوریت کو پامال کرتے ہیں کیونکہ روس نے تو بین الاقوامی قانون کو انتہائی وحشیانہ طریقے سے توڑا ہے۔

جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ برلن یوکرین کی حمایت جاری رکھے گاجب تک اسے ہماری ضرورت ہو گی اور اسی لیے ہم ان پابندیوں کو بھی برقرار رکھیں گے اور ساتھ ہی ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہمارے ملک میں معاشرہ تقسیم نہ ہونے پائے۔ واضح رہے کہ بائیں بازو کے ڈائی لنکے اور انتہائی دائیں بازو کے الٹرنیٹیو فار جرمنی (اے ایف ڈی) کے بعض قانون سازوں نے جرمن معیشت پر دبا کو کم کرنے کے لیے روس پر عائد پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں