فیاض الحسن چوہان

جدید دور کی مشکلات کا حل نت نئے طریقوں سے ہی ممکن ہے، فیاض الحسن چوہان

راولپنڈی (عکس آن لائن)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جدید دور کی مشکلات کا حل نت نئے طریقوں سے ہی ممکن ہے۔ کرونا وائرس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بزدار حکومت کے شروع کیے گئے رائز پنجاب پروگرام اور کرونا کے حوالے سے ورکنگ گروپ کا قیام اسکی مثالیں ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سردار عثمان بزدار نے کرونا وائرس کے خاتمے بعد کی مشکلات کے لیے رائز پنجاب فریم ورک تشکیل دیا ہے۔

سات جامع نکات پر مشتمل رائز پنجاب پروگرام سماجی تحفظ، سکول ایجوکیشن، گورننس، صحت کی کم از کم بنیادی سہولیات، کرونا کے بعد معاشی بحالی و استحکام، رِسک کمیونیکیشن اور رِسک فنانسنگ جیسے معاملات کا احاطہ کرتا ہے۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب نے بتایا کہ رائز پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پرائیویٹ سیکٹر اور سرکاری ماہرین کی مشترکہ کاوش ہے۔ دوسری جانب کرونا کے طبی و معاشی اثرات کے جائزے اور موزوں پالیسی سازی کے لیے بنایا گیا ورکنگ گروپ بھی دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ایک انتہائی اہم پیش رفت ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی بتایا کہ اس ورکنگ گروپ میں محکمہ صحت کے ماہرین کے ساتھ ہارورڈ یونیورسٹی، لندن سکول آف اکنامکس، واشنگٹن، لمز اور ییل یونیورسٹی کے ماہرین شامل ہیں۔ ورکنگ گروپ سمارٹ سیمپلنگ کے نتائج کی روشنی میں پالیسی سازی کے لیے حکومت کو اپنی سفارشات پیش کرے گا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آنے والا دور ریسرچ، ٹیکنالوجی اور سمارٹ گورننس کا دور ہے جبکہ گزشتہ حکمران ”سوال گندم جواب چنا” کی پالیسی پر عمل پیرا رہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حکمرانی کے دقیانوسی طریقوں نے ملک کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں