منشیات برآمدگی کیس

ثبوت ہیں عمران خان اور شہزاد اکبر نے ہیروئن کا تھیلہ اسلام آباد پولیس کو دیا، وزیر داخلہ

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ میرے پاس ثبوت ہیں کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے میرے خلاف مقدمے کے لیے ہیروئن کا تھیلہ اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہاکہ پی ٹی آئی کے دور میں پہلے لوگوں کو گرفتار کیا جاتا تھا پھر مقدمات بنائے جاتے تھے تاہم ہم نے کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا اور نہ ہی کسی کے خلاف براہ راست مقدمہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ کسی کے خلاف انکوائری میں کچھ سامنے آیا تو مقدمہ درج کیا جائیگا اور عدالت کے حکم سے گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔اپنے خلاف ہیروئن کے مقدمے سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہاکہ میرے پاس ثبوت ہیں کہ عمران خان اور شہزاد اکبر نے ہیروئن کا تھیلہ اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا، اسلام آباد پولیس نے ان کی بات نہ مانی تو انھوں نے ایف آئی اے کو استعمال کیا، اگر ہیروئن میری ثابت ہو جائے تو مجھے سزا دیں۔وزیر داخلہ نے کہاکہ عمران خان شروع سے دھمکیاں دے رہے ہیں اور بلیک میلنگ کر رہے ہیں، عمران خان نے اسلام آباد پر مسلح جتھوں کے ساتھ چڑھائی کی، عمران خان کے خلاف مقدمہ بنتا ہے اور بننا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں