غریب عوام کے حقوق

تنقید کرنے والے پہلے حقائق جانیں اور پھر بولیں، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تنقید کرنے والے پہلے حقائق جانیں اور پھر بولیں، کورونا کے خلاف جنگ میں سب وزیراعظم کا ساتھ دیں سیاست نہ کریں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا کے خلاف لائن آف ڈیوٹی پر مامور کسی سرکاری ملازم یا ڈاکٹر کی قیمتی جان کا خدانخواستہ ضیاع ہوتا ہے تو پنجاب حکومت نے انہیں شہداء پیکج دینے کا اعلان کیا ہے۔

گریڈ ایک سے 16 تک کے خاندانوں میں 40 لاکھ جب کہ گریڈ 17 سے اوپر 80 لاکھ کی امداد شاملِ ہے۔ بلا جواز تنقید کرنے والوں کی لاعلمی پر افسوس ہی کیا جا سکتا ہے۔

وزہراعظم عمران خان نے مستحق افراد، مزدوروں اور محنت کشوں کیلئے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پیکج دیا۔ پنجاب نے اگلے محاذ پر ڈٹے ڈاکٹروں نرسوں اور طبی عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک کروڑ 20 لاکھ غریب عوام کو 12000 روپے فی کس امداد دی۔ 144 ارب روپے غریبوں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

9 اپریل سے لے کر اب تک ملک بھر کے تقریباً 41 لاکھ 40 ہزار خاندانوں میں 49 ارب 68 کروڑ 5 لاکھ روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

تنقید کرنے والے ” پہلے حقائق جانیں اور پھر بولیں”ریاست کے بجائے تمام صوبوں میں کورونا وائرس کو کنٹرول کرنا اصل مشن ہے۔ عمران خان کورونا اور بھوک دونوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔اس جنگ میں سب ان کا ساتھ دیں کیونکہ یہ وقت سیاست کا نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں