وزیراعظم شہباز شریف

تمام شہریوں تک صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی،وزیراعظم

اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام شہریوں تک صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی،رواں سال صحت کے عالمی دن کا موضوع ”میری صحت، میرا حق”ہے۔

عالمی یوم صحت 2024 پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہاکہ صحت کے عالمی دن کے موقع پر میں حکومت پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ تمام شہریوں تک صحت کی سھولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔

اس سال صحت کے عالمی دن کا موضوع ”میری صحت، میرا حق”ہے جو کہ اس امر کی تجدید کرتا ہے کہ صحت عامہ کی سہولیات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منشور میں صحت کی سہولیات سب تک پہنچانے کے وعدے کے مطابق ہماری توجہ پرائمری، سیکنڈری اور ٹرشری ہیلتھ کیئر، طبی نگہداشت ، طبی تعلیم اور گورننس کو بہتر بنانے پر رہے گی۔

ہم عام آدمی تک صحت کی سہولیات کی رسائی کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ہم موبائل ہیلتھ کلینک شروع کرنے، حفاظتی ٹیکوں کے نظام کو مزید متحرک کرنے اور ذہنی صحت کے حوالے سے خدمات کو بہتر بنانے کے لیے صوبائی حکومتوں کی مدد اور اور حوصلہ افزائی کریں گے۔

ہر صوبے میں میڈیکل سٹی کا قیام اور آپریشنلائزیشن، کینسر کیئر ہسپتال کا قیام اور ہر صوبے میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کی سہولیات کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں پاکستان مسلم لیگ ن کے 2013 سے 2018 تک کے دور میں ہیلتھ کارڈ کی سہولت شروع کرنے پر فخر ہے۔ ہم اپنی شہریوں کے لیے یونیورسل ہیلتھ کوریج اور یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے لیے پرعزم ہیں اور خاص کر کم آمدن افراد کے لیے صحت کی سہولیات کی مفت فراہمی کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ صحت کے اس عالمی دن پر میں صحت کے پیشہ ور افراد، پیرا میڈیکل اسٹاف، نرسوں اور دیگر ہیلتھ ورکرز کی خدمات کو سراہتا ہوں جو قوم کو صحت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے دن رات کام کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ میں ایک بار پھر پاکستان کے صحت کے شعبے کو ہر سطح پر بہتر کرنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر پاکستانی کو معیاری صحت کی خدمات تک رسائی حاصل ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں