پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد

تعلیم اصل میں آنےوالی نسلوں پر سرمایہ کاری ہوتی ہے‘ڈاکٹر افتخار احمد

ڈیرہ اسماعیل خان(عکس آن لائن)آج کے جدید دور میں کسی بھی ادارے کی ترقی میں میڈیا کا کردار سب سے اہم ہے ۔ یونیورسٹیوں میں تعلیم کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کی تشہیر کےلئے پرنٹ ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا نہایت ہی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور گومل یونیورسٹی کےلئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ اس میں پرنٹ میڈیا کے ساتھ ساتھ شعبہ کمیونیکیشن اینڈمیڈیا سٹڈیزکے زیر اہتمام ٹی وی سٹوڈیو اور ایف ایم ریڈیو کام کر رہے ہیں جو گومل یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات میں ہونےوالی تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں کی مثبت انداز میں تشہیر کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وائس چانسلرگومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے سٹی کیمپس کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کوارڈینیٹر سٹی کیمپس ڈاکٹر شکیب اللہ‘پرنسپل وینسم کالج عائشہ رسول‘ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر صدف جویریہ اورانچارج گومل یونیورسٹی ٹی وی وایف ریڈیو ذیشان قاسم بھی ہمراہ تھے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی ترقی کا سب سے بڑا فائدہ طلباءکو ہوتا ہے۔میں گومل یونیورسٹی کو ترقی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں۔ انہوںنے کہا کہ تعلیم کو کمائی کا ذریعہ نہ سمجھا جائے اور نہ ہی کبھی خرچہ ،تعلیم اصل میں آنےوالی نسلوں پر سرمایہ کاری ہوتی ہے ۔

ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ ہم اس قدیم مادر علمی سے ایک اچھی اوربہترین نسل بنائیں تاکہ اس نسل سے کئی خاندان سنوار سکیں ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد نے پرنسپل نواب اللہ نوازخان لاءکالج عائشہ رسول کی ایل ایل ایم اور شریعہ اینڈ لاءکو شروع کرنے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان ڈگریوں کے شروع ہونے سے اس خطے ہی کے نہیں بلکہ دیگر صوبوںاور پورے پاکستان سے طلباءکی ایک بڑی تعداد مستفید ہو گی ۔

وائس چانسلر نے پرنسپل عائشہ رسول کو ایل ایل ایم اور شریعہ اینڈ لاءکے پروگراموں پر تمام تر قانونی قواعد و ضوابط کو مکمل کرکے جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایات دیں۔ وائس چانسلرنے لاءکالج کی درخواست پر کوارڈینیٹر سٹی کیمپس کو لاءکالج کے خالی گراﺅنڈ کو خوبصورت چمن میں تبدیل کرنے اور دیگر مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کاحکم صادر فرمایا۔ اس موقع پر ذیشان قاسم نے وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد کو گومل یونیورسٹی کے ٹی وی سٹوڈیو اور ایف ایم ریڈیو کادورہ بھی کروایا ۔

اس موقع پر کورونا وائرس سے بچاﺅ کے ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پرنسپل لاءکالج کی جانب سے مختصر ظہرانہ کا بھی اہتمام کیاگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں