وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان

ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، محمود خان

پشاور (نمائندہ عکس ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق محمود خان کی زیرِ صدارت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی محکموں کے تحت تکمیل شدہ منصوبوں کے افتتاح اور نئے منصوبوں کے سنگِ بنیاد رکھنے کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو مختلف شعبوں میں افتتاح اور سنگِ بنیاد کے لئے تیار منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ صوبے میں اس وقت اربوں روپے مالیت کے 483 چھوٹے بڑے منصوبے افتتاح اور سنگِ بنیاد کے لئے تیار ہیں۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مختلف محکموں کے تحت 368 چھوٹے بڑے منصوبے افتتاح کے لئے تیار ہیں، 115 منصوبے سنگِ بنیاد رکھنے کے لئے تیار ہیں، محکمہ آبپاشی کے تحت 181 منصوبے افتتاح کے لئے تیار ہیں، محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے تحت 71 منصوبے افتتاح تیار ہیں۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ اعلی تعلیم کے شعبے میں 36 منصوبے افتتاح کے لئے تیار ہیں، سیاحت اور کھیل کے شعبوں میں 25 منصوبے افتتاح کے لئے تیار ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ صوبائی حکومت کے میگا منصوبوں کا افتتاح وزیر اعلی خود کریں گے، چھوٹے منصوبوں کا افتتاح متعلقہ وزرا اور ایم پی ایز کریں گے، وزیر اعلی کی جانب سے ہدایت دی گئیں کہ ان منصوبوں کے افتتاح اور سنگِ بنیاد کے لئے شیڈول تیار کیا جائے۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمے محکمہ اطلاعات کے توسط سے صوبائی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور اصلاحاتی اقدامات سے متعلق عوام کو آگہی دینے کے لئے لائحہ عمل تیار کریں، گزشتہ چار سالوں میں صوبائی حکومت نے جو محنت کی تھی اب ان کے ثمرات سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کے ثمرات بلا تاخیر عوام تک پہنچنے چاہیئے، صوبائی حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات سے متعلق بھر پور آگاہی دی جائے، جن منصوبوں کی تکمیل میں روکاوٹیں درپیش ہیں، متعلقہ وزرا اور سیکرٹریز ان روکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، بعض ترقیاتی منصوبوں سے متعلق عوامی شکایات کا بھی بروقت ازالہ کیا جائے، متعلقہ سیکرٹریز اپنے محکموں میں ان مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دیں جن سے سروس ڈیلیوری متاثر ہوتی ہو۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے مزید کہا کہ انتظامی سیکرٹریز اپنے محکموں میں کلاس فور کی تمام خالی آسامیوں کو پندرہ دنوں میں پر کر کے رپورٹ پیش کریں، پندرہ دنوں میں خالی آسامی پر نہ ہونے کی صورت متعلقہ سیکرٹری کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں