پیرمحل

تحصیل انتظامیہ کی مبینہ عدم توجہی ،ضلع کا اہم شہر فلتھ ڈپو میں تبدیل

پیرمحل(نمائندہ عکس آن لائن)تحصیل انتظامیہ کی مبینہ عدم توجہی ،ضلع کا اہم شہر فلتھ ڈپو میں تبدیل، جگہ جگہ گندگی و غلاظت کے ڈھیروں سے موذی امراض پھوٹ پڑنے کااندیشہ پیدا ہو گیا۔

پیرمحل کو حکومت پنجاب کی جانب سے 2013ءمیں باقاعدہ طور پرتحصیل کادرجہ تو دے دیا گیامگرشہریوںکودرپیش مسائل کم ہونے کی بجائے ان میں اضافہ حیران کن ہے ۔شہرکے گنجان آباد محلے گندگی کی آماجگاہ بن چکے ہیں جس کہ وجہ سے شہریوں کا صاف ستھری فضا ءمیں سانس لینا بھی خواب بن کر رہ گیا ہے ۔اگر جائزہ لیا جائے تو شہر کے اہم چوکوں ،بازاروں اور گلی کوچوں میں جگہ جگہ پڑے گندگی و غلاظت کے ڈھیر،ابلتے گٹر اور نالیاں تحصیل انتظامیہ کی کارکردگی کو ظاہر کرنے کیلئے کافی ہیں حالانکہ شہرمیں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر کرنے کا عوامی مطالبہ بہت دیرینہ ہے ۔جیسے جیسے شہر کی آبادی میں اضافہ ہو رہاہے ویسے ہی صفائی انتظامات بھی بد سے بد تر ہوتے نظر آتے ہیں ۔

گلیوں اور بازاروں میں کھڑا سیوریج کا گندا پانی نہ صرف مچھروں کی افزائش نسل میں اضافے کا موجب بن رہا ہے بلکہ یہی گنداپانی گٹروں اور نالیوں سے اوور فلو ہو کر لوگوںکے گھروں میں داخل ہونا بھی شروع ہو چکاہے۔ شہریوںکی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے ماضی میں تحصیل انتظامیہ نے چیف آفیسرکی زیر نگرانی ایک شکایت سیل بھی قائم کیا تھا مگر تحصیل افسران کے تمام تر دعوﺅں اور وعدے وعید کے باوجود تحصیل کا درجہ رکھنے والے شہر میں گندگی و غلاظت کے ڈھیر نظر آنا انتہائی مایوس کن ہے۔ شہری تنظیموں کے عہدیداروں سمیت عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں