حمزہ شہباز

تحریک عدم اعتماد، لانگ مارچ ،پنجاب میں تبدیلی سے متعلق فیصلے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں ہونگے’ حمزہ شہباز

لاہور( عکس آن لائن) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں اراکین اسمبلی نے عوام کے امنگوں کی ترجمانی کی ہے ،جب حکومت مہنگائی بیروزگاری کے خلاف اورعوام کی فلاح و بہبود کے کام نہیں کرے گی تو ایسے ہی فیصلے آتے ہیں،آئندہ چند روز میں پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہونے جارہا ہے جس میں اتفاق رائے سے آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی ۔ احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے اور یہ صرف ایوانوں ہی نہیں بلکہ اس سے باہر عوام کی کامیابی اور ان کے امنگوں کی ترجمانی ہے ۔ اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے اپنے ضمیر کے مطابق ملکی معیشت کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے ۔ آج معیشت کی گروتھ منفی ہے ، قرضوں کا جو حجم ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ، کسی نے مہنگائی کا ایسا طوفان نہیں دیکھا لیکن حکومتی ترجمان عوام سے جھوٹ بولتے ہیں اور انہیں سب باغ دکھاتے ہیں ۔

جب آپ عوامی مسائل حل نہیں کریں گے اور فلا ح و بہبود کے کام نہیں کریں گے تو پھر ایسے ہی فیصلے آتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ عوامی نمائندوں کا نہیں خدا کی ذات کا فیصلہ ہے ، تین سال ہو گئے ہیں اس حکومت کا ایک بھی میگا پراجیکٹ دکھا دیں ، مسلم لیگ (ن) نے موٹر ویز بنائیں، میٹر و بسیں چلائیں ، ہمارے دور اور آج کے دور کی مہنگائی کا تقابلی جائزہ لیں تو زمین آسمان کا فرق ہے ، ہمارے دور میں معیشت کی گروتھ 5.8فیصد تھی آج صفر پر بلکہ منفی ہے ، اراکین اسمبلی نے عوام کی امنگوں کے مطابق فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے تحریک عدم اعتماد او رلانگ مارچ کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ آنے والے دنوں میں پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہونے جارہا ہے جس میں یہ ساری معاملات زیر بحث آئیں گے اور مستقبل کا لائحہ عمل سامنے آجائے گا ۔ انہوں نے پنجاب میں کسی تبدیلی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ پی ڈی ایم اتحاد میں گیارہ جماعتیں شامل ہیں اور سربراہی اجلاس میں متفقہ فیصلے ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں