تحریک انصاف

تحریک انصاف کی شاہ محمود قریشی کو ہتھکڑی میں عدالت لانے کی شدید مذمت ،ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو ہتھکڑی میں عدالت لانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔بدھ کو جاری اعلامیہ میں کہاگیاکہ آئین و قانون سے مجرمانہ انحراف کے بعد ریاستی مشینری شرافت سے بھی دستبردار ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ سیاسی قیدیوں کے ساتھ سنگین جرائم میں ملوث افراد کا سا برتاؤ شرمناک اور پرلے درجے کی درندگی ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ جعلی اور جھوٹے مقدمے کے باوجود وائس چیئرمین تحریک انصاف تفتیش میں پوری طرح معاونت کررہے ہیں۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ عوام کی منتخب قیادت سے بدسلوکی دراصل سیاست کو کمزور کرنے اور عوامی نمائندوں کی تذلیل و تضحیک کی خلافِ قانون و تہذیب حرکت ہے،

ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ ریاستی مشینری بیشرمی کے ریکارڈ قائم کرنے کی بجائے تہذیب کا مظاہرہ کرے اور قومی قیادت کا احترام ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق ظلم، جبر اور اہانت کا کوئی حربہ لاقانونیّت گوارا کرنے اور آئین سے انحراف برداشت کرنے پر مجبور نہیں کرسکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں