قاسم سوری

تحریک انصاف کی حکومت وہ مسائل حل کررہی ہے جس پر ماضی میں کوئی توجہ نہیں دی گئی ، قاسم سوری

کوئٹہ (عکس آن لائن)قائم مقام ا سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات پہنچانا ہمارا عزم و منشور ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت وہ مسائل حل کررہی ہے جس پر ماضی میں کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے اور کافی سارے مسائل موجودہ حکومت کو ورثے میں ملے ہیں۔ ملکی معیشت مستحکم ہورہی ہے ملک معاشی مسائل سے نکل کر صحیح سمت پر گامزن ہورہا ہے۔ یہ بات انہوں نے سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ میں نادرا سینٹر کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

قاسم خان سوری نے کہا کہ عوام کی ضروریات اور مجبوریوں کو مدنظر رکھ کر سیٹلائٹ ٹاؤن میں نادرا کا سینٹر کھولا جارہا ہے جس سے عوام کو شناختی کارڈ کے حصول میں آسانی ہوگی۔ پہلے عوام کو شناختی کارڈ، ب فارم، بچوں کے اندراج کرنے میں مشکلات درپیش ہوتی تھی رش کی وجہ سے لائنوں میں انتظار کیا کرتے تھے اب نہ رش ہوگا نہ کوئی اور پریشانی اب شہری آسانی سے شناختی کارڈ ، ب فارم اور بچوں کے اندراج کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ان لوگوں کو شناخت دے رہی ہے جو پہلے کئی مسائل کی وجہ سے شناخت سے محروم تھے۔

ڈی جی نادرا کرنل ریٹائرڈ عابدالرحمان نہایت شفیق انسان ہے اس کی کاوشوں سے عوام کو سہولیات اور آسانیاں مل رہی ہے نادرا سب سے فعال اور اہم ادارہ ہے نادرا کے باقی آفیسران اور سٹاف بھی عوام کی مدد کے لئے دن رات محنت کرکے شہریوں کو شناخت کے لئے آسانیاں پیدا کریں اورعوام کے جائز کاموں کو احسن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچائیں اس کے ساتھ ساتھ عوام کا بھی فرض بنتا ہے کہ نادرا کے سینٹر کا خیال رکھیں اور حوصلے اور اطمینان کے ساتھ نادرا سٹاف کے سامنے پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کوئٹہ میں لوگوں کے مسائل کو سامنے رکھ کر ایک ایسا سینٹر کھول دیا جائے جو چوبیس گھنٹے کھلا رہے تاکہ جو لوگ دن میں کسی بھی وجہ سے شناختی کارڈ نہیں بنواسکتے وہ رات کے وقت اپنا شناختی کارڈ بنوا سکے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان دنیا میں وہ خوش قسمت ملک ہے جس کی 68 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے نوجوان ہر ملک کا اہم سرمایہ و اثاثہ ہے آج کا نوجوان کل ملک کا اہم لیڈر ہوگا۔ نوجوان طبقہ اچھے کاموں میں حکومت کا ساتھ دیں۔ موجودہ حکومت آپ نوجوان طبقے کی ہے یہ ریاست ہم سب نے مل کر آگے لے جانا ہے۔

قائم مقام اسپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ کوئٹہ میرا حلقہ انتخاب ہے یہاں کے عوام نے مجھ پر بھروسہ کیا اور ووٹ دیا میں آپ کے ووٹ کو ضائع نہیں ہونے دوں گا۔ میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہا ہوں تاکہ عوام کو سہولیات پہنچادوں ۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ نادرا حکام بھی عوام کو ناجائز تنگ نہ کریں جو ضروری لوازمات ملک کے دیگر شہریوں کے لئے ہے اس صوبے کے عوام سے بھی وہی ضروری کاغذات طلب کرے اور جہاں تک ممکن ہو شناختی کارڈ کے حصول کو آسان بنایا جائے۔ تقریب میں ڈی جی نادرا کرنل ریٹائرڈ عابدالرحمان ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر داؤد مہمند، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات آصف ترین اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ دریں اثناء ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں پرائیویٹ بوائز ہاسٹل کا افتتاح بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں