شاہد خاقان عباسی

تحریک انصاف کی حکومت ناکام ہو چکی، عوام کا پیسہ اے ٹی ایم کھا گئی، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد(عکس آن لائن) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ناکام ہو چکی ہے موجودہ حکومت چوروں کی ہے اور عوام کا پیسہ اے ٹی ایم کھا گیاہے ۔ روزانہ غریب عوام کے2 ارب روپے لوٹے جا رہے ہیں ۔ عمران خان اور عثمان بزدار بتائیں کہ کون عوام کو لوٹ رہا ہے جبکہ عوام نے تبدیلی کے اثرات خود دیکھ لئے۔

منگل کے روز سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت میں پیشی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت جب سے آئی ہے تب سے ناکام ہے اور روزانہ غریب عوام سے2 ارب روپے لوٹے جا رہے ہیں۔ حکومت میں کوئی تبدیلی کردیں بہتری نہیں آئے گی، یہ سو کالڈ تبدیلی تھی، انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ہے میں ایک عرصے سے کہہ رہا ہوں کہ حکومت ختم ہوچکی ہے، یہ ایک جنازہ رکھا ہوا ہے جب مرضی پڑھ لیں۔منی بجٹ لانے کی باتیں کی جارہی ہیں،صحافی کے سوال پر انہوں نے طنزیہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ بالکل گھبرائیں نہیں،سب ٹھیک ہوجائے گا۔حکومت کی ناکامی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت آج بھی ناکام ہے،جب آئی تھی تب بھی ناکام تھی،آٹے اورچینی کی قیمت دیکھیں،قیمتوں میں اضافے کا اثر عالمی معاملات کا نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں