پی ٹی آئی

تحریک انصاف کا جبری طور پر لاپتہ کئے گئے اپنے ذمہ داران اور کارکنان کی بازیابی کا مطالبہ

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے نگران وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر سے جبری طور پر لاپتہ کئے گئے اپنے ذمہ داران اور کارکنان کی بازیابی کا مطالبہ کردیا ۔سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان نے نگران وزیر اعظم اور چیف الیکشن کمشنر کو الگ الگ خطوط لکھ دیئے ،خط کی نقول چاروں نگران وزرائے اعلیٰ کو بھی بھجوا دی گئیں ۔

عمر ایوب خان نے کہاکہ تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب، صداقت عباسی، عثمان ڈار، اویس یونس، عرفان سلیم، عبدالکریم خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کئی روز سے لاپتہ ہیں۔ عمر ایوب خان نے کہاکہ ان تمام افراد کی جبری گمشدگیاں آئین میں فراہم کردہ بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔

عمر ایوب خان نے کہاکہ جب تک ان افراد کو رہا اور جبری گمشدگیوں کے ذمہ داران کو کٹہرے میں نہیں لایا جاتا آئندہ عام انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان رہے گا۔ عمر ایوب خان نے کہاکہ امید ہے کہ جبری طور پر گمشدہ کیے گئے افراد کے معاملے کو سنجیدگی سے دیکھتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ان کی فوری بازیابی کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں